فیصل آباد ۔5نومبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان کی طرف سے اعلان کردہ سہولیاتی پیکیج پاکستان کی تاریخ کا ملکی غریب عوام کیلئے سب سے بڑا ریلیف پیکیج ہے جس سے شہریوں کوبراہ راست سستی اشیائے ضروریہ میسر آسکیں گی لہٰذا مختلف کاروباری،صنعتی، سیاسی، مذہبی و دیگر رہنماؤں نے عمران خان کے اس بروقت و شاندار اقدام کا بہترین انداز میں خیر مقدم کیا ہے۔
چیئرمین آل پاکستان ٹیکسٹائل پراسیسنگ ملز ایسوسی ایشن و سابق صدر فیصل آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری انجینئر حافظ احتشام جاویدنے کہا کہ ملک کے کم وسائل والے طبقات اور غریب افراد کو مہنگائی کی لہر سے بچانے کیلئے زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور 120 سے130 ملین تک گھرانوں کیلئے 120 ارب روپے کا ریلیف پیکیج اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا ملکی غریب عوام کیلئے سب سے بڑا ریلیف پیکیج ہے جس سے شہریوں کو سستی اشیائے خوردونوش مل سکیں گی۔انہوں نے کہا کہ اس پیکیج سے کم وسائل والے اور غریب افراد براہ راست مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمامتر عالمی حالات سے آگاہی کے باوجود مہنگائی کو بنیاد بناکر حکومت کے خلاف بلا جواز پراپیگنڈہ کرنیوالے عناصر کی مذموم خواہشات اور ناپاک امیدوں پر پانی پھر گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پیکیج کے ذریعے غریب عوام کو چھ ماہ تک 30 فیصد کم نرخوں اور سبسڈائزڈ و کم ریٹس پر گھی،آٹا، دالیں، چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ و روزمرہ استعمال دستیاب ہوسکیں گی
جن کی وافر مقدار میں فراہمی کیلئے حکومت کی طرف سے تمام ضروری اقدامات کر لئے گئے ہیں اور متعلقہ انتظامی حکام کو خبردار کردیا گیا ہے کہ اس ضمن میں کوئی غفلت، کوتاہی یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جا ئے گی۔رانا محمد فیاض نائب صدر ایوان صنعت و تجارت فیصل آبادنے کہا کہ مستقبل قریب میں حکومت غریب عوام کی بہتری کیلئے مزید سہولیات کی فراہمی بھی ممکن و یقینی بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ریلیف پیکیج کے ذریعے مثالی فلاحی پروگرام دیا ہے اور 120 ارب روپے سے کم وسیلہ خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا اور مہنگائی سے پریشان عوام کی مشکلات کم ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق مہنگائی کے خاتمہ اور پرائس کنٹرول میکانزم پر مؤثر انداز میں عملدرآمد کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ مارکیٹوں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور سپلائی چین کی مسلسل مانیٹرنگ کرتے ہوئے گرانفروشوں، ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کاروائی بھی کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں قائم سہولت و ماڈل بازار بھی مہنگائی کے توڑ میں مؤثر ثابت ہورہے ہیں۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث فیصل آبادکے رہنمامولانا محمد یوسف انورنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کاکم آمدن والے طبقات کیلئے 120ارب کا پیکیج عوام دوست حکومت ہونے کا منہ بولتاثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کاواویلا ہر کسی کو سمجھ آرہاہے اور انہیں اصل درد یہ ہے کہ 120ارب روپے کا پیکیج ان کی جیبوں میں جانے کی بجائے غریبوں کے پاس کیوں جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ہرگز مایوس اور خوف کا شکار نہیں بلکہ ہم مشکل گھڑی سے تقویت لے کر سر خرو ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام با شعورہیں وہ جانتے ہیں کہ عالمی منڈیوں میں مہنگائی کا رجحان ہے جس کے اثرات یہاں بھی مرتب ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران ماضی کے حکمرانوں کی طرح آنکھوں میں دھول جھونکنے کی بجائے عوام کوحقیقت سے آگاہ رکھے ہوئے ہیں اورجہاں کامیابیاں سمیٹی ہیں اس سے بھی عوا م کوآگاہ کیا ہے اورجہاں پر کوئی کمی کوتاہی ہے اسے بھی عوام کے سامنے رکھاجارہاہے۔
ممبر صوبائی اسمبلی و وائس چیئرمین ایف ڈی اے فردوس رائے نے کہا کہ مشکل معاشی صورتحال میں سوا کروڑ خاندانوں کیلئے 120 ارب روپے کا فلاحی پیکیج اور گھی، آٹا، دال پر 30 فیصد سبسڈی کی فراہمی سے غریب افراد کی مشکلات میں خاطر خواہ کمی ہوگی جبکہ چالیس لاکھ مستحق خاندانوں کو گھروں کی تعمیر کیلئے بلاسود قرضے دینے اور خاندان کے ایک فرد کو ہنرمند بنانے کا اعلان بھی خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ملکی معاشی صورتحال کا تذکرہ کرتے ہوئے قوم کو اصل زمینی حقائق سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے اسلئے پاکستان اس دنیا سے الگ نہیں ہے اور آج مہنگائی کی وجہ حکومت نہیں بلکہ اس کی کئی وجوہات ہیں جن میں سابقہ حکومتوں کے لئے گئے قرضے اور دنیا بھر میں کموڈیٹی پرائس میں اضافہ بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومتوں کے لئے گئے قرضوں کی وجہ سے آج قوم معاشی مشکلات کا سامنا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو پیسہ لوٹ کر ملک سے باہر منتقل کیا گیاوہ واپس آ جائے تو ملک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آدھی سے بھی کم ہو جائیں۔ پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی و چیئرمین ایف ڈی اے فیصل آباد چوہدری لطیف نذر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے تاریخی پیکیج کا اعلان انتہائی خوش آئند ہے کیونکہ120 ارب روپے کی خطیر رقم کے تاریخی پیکیج سے کروڑوں پاکستانیوں کو براہ راست فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے کم آمدنی والے افراد کو گھی، آٹا اور دالوں پر 30فیصد سبسڈی ملے گی جو کہ عام آدمی کی سب سے اہم ضروریات زندگی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا مہنگائی سے نمٹنے کیلئے ریلیف پیکیج اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ شوباز شریف کی وزیراعظم عمران خان کے عوام کو دئیے گئے پیکیج پر تنقید آسمان پر تھوکنے کے مترادف ہے جبکہ عوام کے ٹیکسوں کے پیسے چوری کر کے اربوں پتی بننے والوں کو عام آدمی کی مشکلات سے کوئی سروکار نہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی3 سالہ کارکردگی اپوزیشن کی تیس سالہ کارکردگی پر بھاری ہے اور وزیر اعظم عمران خان فخر کے ساتھ اپنی کارکردگی عوام کے سامنے رکھ سکتے ہیں
لیکن دوسری جانب جنہوں نے 30سال حکومت کی وہ آج منہ چھپائے پھرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جب 2018میں اقتدار سنبھالا تو ملک دیوالیہ ہو چکا تھامگر ہماری حکومت نے دن رات سخت محنت کر کے ملکی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیایہی وجہ ہے کہ آج کورونا کی عالمگیر وباکے باوجود ملکی زرمبادلہ کے ذخائرتاریخ کی بلندترین سطح پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی مسائل کے ذمہ دار شریف برادران اور زرداری ٹولہ ہے نیزوزیراعظم عمران خان نے قوم کے سامنے جو حقائق رکھے ہیں وہ حقیقت پسندانہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ انشااللہ حکومت کے آئندہ دو سال عوامی ترقی اورخوشحالی کے سال ثابت ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان اندرونی و بیرونی محاذ پر کامیابیوں سے ہمکنار ہے جو وزیر اعظم عمران خان کی انتھک جدوجہد کا ثمر ہے۔انہوں نے کہا کہ کرپٹ مافیاکی سیاست وزیراعظم عمران خان نے دفن کردی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے ریلیف پیکیج سے غریبوں کو خصوصی ریلیف ملے گا جبکہ کم وسائل کے باوجود وزیر اعظم عمران خان نے کم آمدنی والے لوگوں کیلئے جو ریلیف پیکیج دیا ہے اس سے یقینی طور پر غریبوں کو سکھ کا سانس ملے گا اور ان کے گھریلو بجٹ میں بھی بہتری آئے گی۔
مزید برآں چیئرمین مارکیٹ کمیٹی چوہدری ابرار رشید ڈھلوں نے کہا کہ موجودہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے اقدامات کررہی ہے اورجاری حکومتی اقدامات سے ناجائز منافع خوری کے خاتمہ میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی ناقص پالیسیوں اور لوٹ مار کی وجہ سے مہنگائی بڑھی ہے لہٰذا موجودہ حکومت نے مہنگائی کو نکیل ڈالنے کے مؤثر اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے غریب خاندانوں کیلئے موبائل فون سروس شروع کی جارہی ہے جس کا مقصد ایک عام آدمی کو روز مرہ استعمال کی اشیا ارزاں نرخوں پر فراہم کرنا ہے
کیونکہ حکومت نے ہر سطح پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا تہیہ کررکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر مستحق خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ غریب خاندانوں کیلئے موبائل سروس بہترین سروس ہوگی جس میں ایک عام آدمی اپنے موبائل سے مختلف اشیا پر دی جانیوالی سبسڈی حاصل کرسکے گاجبکہ یہ سبسڈی یوٹیلیٹی سٹورز پر بھی مہیا کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔