بغداد ۔5جون (اے پی پی):وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ ان کے دورہ عراق سے پاکستان اور عراق کے درمیان باہمی تعاون میں مزید اضافہ ہوگا، دونوں ملکوں نے ہمیشہ مشکل میں ایک دوسرے کاساتھ دیا ہے، ہم عراق کو امن، خوشحالی اور ترقی کے حصول میں اپنا شراکت دار سمجھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو عراق کے تین روزہ سرکاری دورہ کے موقع پر بغداد میں عراقی ہم منصب ڈاکٹر فواد حسین کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے لیے عراق کے برادر ملک کا دورہ کرنا بہت خوشی کی بات ہے۔ میں خصوصی طور پر ڈاکٹر فواد حسین کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے مجھے اس خوبصورت ملک کا دورہ کرنے کی دعوت دی، جو میرے دل کے بہت قریب ہے۔
میری والدہ، محترمہ بے نظیر بھٹو شہید عراق کو بہت عزت کی نگاہ سے دیکھتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ میں یہاں اس خواہش کے ساتھ آیا ہوں کہ اپنے برادرانہ تعلقات کو پھر سے متحرک کروں اور انہیں باہمی احترام، مفادات اور ادارہ جاتی روابط پر مبنی مضبوط بنیادوں پر استوار کروں۔ میں اپنے دوطرفہ تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند معاشی تعلقات میں تبدیل کرنے کی اپنی خواہش کا اعادہ کرنا چاہتا ہوں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ میرے دورے کے دوران ہم مختلف شعبوں میں اپنے تعاون کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے دو طرفہ معاہدوں پر دستخط کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرح عراقی قوم نے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے اور اس لعنت کو شکست دینے میں مثالی ثابت قدمی اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہماری دونوں قوموں نے اس کامیابی کو حاصل کرنے کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں، جس کے فوائد خطے اور اس سے باہر حاصل ہو رہے ہیں۔
ہمارے دونوں ممالک کثیر الجہتی فورمز پر ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ ہمارے درمیان بڑھتا ہوا تعمیری دفاعی تعاون ہے جس کا امن، استحکام اور سلامتی کے لیے ہمارے مشترکہ مقاصد میں اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی کہ دونوں ممالک نے نجف میں پاکستانی قونصل خانہ کھولنے پر اتفاق کیا ہے۔ ہم نے زائرین کی مہمان نوازی پر ایم او یو پر تبادلہ خیال کیا ہے اور میں اپنے دورے کے دوران انشاء اللہ اس پر دستخط کروں گا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ میں کربلا میں پاکستانی زائرین کے مرکز کا بھی اعلان کرنا چاہتا ہوں، جس سے پاکستانی ذائرین کو سہولت ملے گی۔ مجھے امید ہے کہ میرا دورہ خاص طور پر نجی شعبے، میڈیا، اکیڈمی اور محققین کے درمیان رابطوں کو مزید بڑھانے کی راہ ہموار کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی افرادی قوت اپنی کارکردگی، مہارت اور عزم کے لیے دنیا بھر میں مشہور ہے، اور ہم دونوں ممالک کی پائیدار ترقی کے مفاد میں تعاون کی راہیں بڑھانے کی امید کرتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عراق میں مقدس مزارات میرے لوگوں کے لیے بہت مقدس ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو ان مقامات کا دورہ کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم عراق کے قریبی دوست تھے اور ہمیشہ رہیں گے۔ ہم عراق کو امن، خوشحالی اور ترقی کے حصول میں اپنا شراکت دار سمجھتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے عراق کے صدر ڈاکٹر عبداللطیف رشید سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور عراق کے درمیان موجودہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ وزیر خارجہ اور عراقی صدر نے باہمی تعاون کے تمام شعبوں میں ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان احترام اور روایات پر مبنی گہرے برادرانہ قریبی تعلقات ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے عراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی سے ملاقات کے دوران پاکستان کی جانب سے عراقی عوام اور حکومت کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نے ملاقات میں پاکستان کی جانب سے عراق کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کیلیے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے عراقی وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مذید مظبوط کرنے کیلیے بھی عزم کا اظہار کیا۔ قبل ازیں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بغداد میں عراقی وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسین کے ساتھ ملاقات کی۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان گہرے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ دونوں وزراءخارجہ کے درمیان ملاقات میں پاکستان اور عراق کے درمیان سفارتی تعلقات سمیت تعاون کی مختلف جہتوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان اور عراق کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے عراق کے سرکاری دورہ کے موقع پر پاکستان اور عراق کے درمیان مفاہمت کی دو یادداشتوں پر دستخط بھی کیے گئے۔ دونوں ملکوں نے ثقافتی تعاون کو بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت کئے۔ اس کے علاوہ سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ پر ویزے کے خاتمہ کے لئے بھی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ وفود کی سطح پر بات چیت کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے تعاون کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔اس سے پہلے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا عراق کے تین روزہ سرکاری دورہ پر بغداد پہنچے پر عراقی نائب وزیر خارجہ سمیت دیگر عراقی حکام، بغداد میں پاکستان کے سفیر احمد امجد علی اور سفارت خانے کے سینئر افسران نے ایئر پورٹ پر پرتپاک استقبال کیا۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو دورے کی دعوت عراق کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسین نے دی ہے۔