ایڈیلیڈ ٹیسٹ ، ویسٹ انڈیز پہلی اننگز میں 188 رنز پر ڈھیر ، آسٹریلیا نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 59 رنز بنا لئے

62
ایڈیلیڈ ٹیسٹ ، ویسٹ انڈیز پہلی اننگز میں 188 رنز پر ڈھیر ، آسٹریلیا نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 59 رنز بنا لئے

ایڈیلیڈ۔17جنوری (اے پی پی):ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 188 رنز پر ڈھیر ہوگئی، کرک میکنزی نے نصف سنچری سکور کی، آسٹریلوی بائولرز جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز نے چار، چار وکٹیں حاصل کیں

،جواب میں آسٹریلیا نے پہلے روز کھیل کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 59رنز بنا لئے ہیں۔ بدھ کو ایڈیلیڈ اوول میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیاتوویسٹ انڈیز ٹیم پہلی اننگز میں 188 رنز پر ڈھیر ہوگئی، میزبان ٹیم کے فاسٹ بائولرز کی شاندار پرفارمنس کی بدولت ویسٹ انڈین بلے باز زیادہ دیر تک وکٹ پر ٹھہر نہ سکے اور مسلسل اپنی وکٹیں گنواتے رہے، ٹاپ آرڈر بلے باز کرک میکنزی نے 50 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شامر جوسف 36 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

دیگر بلے بازوں میں کپتان کریگ بریتھویٹ 13، چندرپال 6، ایلک اتھانازے 13، کاوم ہوج 12، جسٹن گریوز 5، جوشوا ڈی سلوا 6، الزاری جوزف 14 اور گوداکیش موتے ایک رن بنا کر آئوٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی طرف سے کپتان پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ نے چار چار وکٹیں حاصل کیں، مچل سٹارک اور نیتھن لیون نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا،

ویسٹ انڈیز کے پہلی اننگز کے سکور 188 رنز کے جواب میں میزبان ٹیم نے پہلے روز کھیل کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 59 رنز بنا لئے ہیں، ، ڈیوڈ وارنر کی ریٹائرمنٹ کے بعد ان کی جگہ اوپنر کی حیثیت سے کھیلنے والے سٹیون سمتھ بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے اور صرف 12 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، مارنس لبوشین 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ عثمان خواجہ 30 اور کیمرون گرین 6 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے دونوں وکٹیں شامر جوزف نے حاصل کیں۔ آسٹریلیا کو ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے مزید 129 رنز درکار ہیں جبکہ ابھی اس کی آٹھ وکٹیں باقی ہیں۔