دبئی۔۔17جنوری (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے ٹی 20 پلیئرز رینکنگ جاری کردی، بابراعظم ایک درجہ بہتری کے بعد چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ٹی ٹونٹی رینکنگ کے مطابق بھارت کے سوریا کمار یادیو 869 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلی پوزیشن پر موجود ہیں، انگلینڈ کے فل سالٹ 802 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور پاکستان کے محمد رضوان 775 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر برقرار ہیں۔
پاکستان کے سٹار بلے باز بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے دوران شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے ان کی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں بھی بہتری آئی ہے، بابراعظم ایک درجہ بہتری کے بعد 763 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر آگئے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم ایک درجہ تنزلی کے بعد 755 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بائولرز رینکنگ میں انگلینڈ کے عادل رشید بدستور پہلی پوزیشن پر موجود ہیں۔ ویسٹ انڈین عقیل حسین ایک درجہ ترقی کے بعد دوسری اور سری لنکا کے ونیندو ہسارنگا اور مہیش تھیکشانا بالترتیب ایک اور دو درجہ ترقی کے بعد تیسری اور چوتھی پوزیشن پر آگئے ہیں۔
بھارت کے اکشر پٹیل 12 درجہ ترقی کے بعد پانچویں پوزیشن پر آگئے ہیں، پاکستان کے فاسٹ بائولر حارث رئوفف دو درجے ترقی کے بعد 14ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ ٹی ٹونٹی آل رائونڈر رینکنگ میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن پہلی، افغانستان کے محمد نبی دوسری پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم ایک درجہ بہتری کے بعد تیسری پوزیشن پر آگئے ہیں۔