مکی آرتھر، گرانٹ بریڈ برن اور اینڈریو پٹک اپنے اپنے عہدوں سے مستعفی ہو گئے ،ترجمان پی سی بی

73
مکی آرتھر، گرانٹ بریڈ برن اور اینڈریو پٹک اپنے اپنے عہدوں سے مستعفی ہو گئے ،ترجمان پی سی بی

لاہور۔18جنوری (اے پی پی):مکی آرتھر، گرانٹ بریڈ برن اور اینڈریو پٹک اپنے اپنے عہدوں سے مستعفی ہو گئے ۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق مکی آرتھر، گرانٹ بریڈ برن اور اینڈریو پٹک جنہیں گزشتہ سال نومبرمیں اپنے رول میں تبدیلی کے بعد لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں فرائض سونپے گئے تھے انہوں نے اپنے اپنے عہدوں سے استعفی دے دیا ہے۔

ترجمان پی سے بی کے مطابق گزشتہ سال اپریل میں مکی آرتھر کو پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا تھا جبکہ گرانٹ بریڈ برن کو گزشتہ سال کے شروع میں پاکستان کی قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔ جنوبی افریقہ کے سابق کرکٹر اینڈریو پٹک گزشتہ اپریل سے پاکستان کے بیٹنگ کوچ تھے۔

اپنے حالیہ دور سے پہلے مکی آرتھر 2016 سے 2019 تک پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ تھے جس کے دوران پاکستان نے آئی سی سی کی ٹیسٹ ٹیم کی درجہ بندی میں نمبر ون پوزیشن حاصل کی اور 2017 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتی۔

بین الاقوامی کرکٹ میں مکی آرتھر جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور سری لنکا کے ہیڈ کوچ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔57 سالہ گرانٹ بریڈ برن جنہوں نے 1990 سے 2001 تک 18 انٹرنیشنل میچوں میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کی۔ 2018 سے 2020 تک پاکستان مینز ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

اس کے بعد انہوں نے اکتوبر 2021 تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہائی پرفارمنس کوچنگ کا کردار ادا کیا۔ پاکستان ٹیم نے جب 2023 میں آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل ٹیم رینکنگ میں نمبر 1 مقام حاصل کیا تو یہ پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ تھے۔

تینوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو جنوری کے آخر تک اپنی اپنی ملازمتیں چھوڑنے کے فیصلے سے آگاہ کیا تھا ۔ یہ فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان خوش اسلوبی سے کیا گیا۔ پی سی بی ان کی مستقبل کی کوششوں میں نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہے اور ان کی خدمات کا شکر گزار ہے۔