کرائسٹ چرچ ۔19جنوری (اے پی پی):نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف 5 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
جمعہ کو ہیگلےاوول، کرائسٹ چرچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان میچ شروع ہوا تو نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ٹاس کے موقع پر نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان مچل سینٹنر کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے اور کووڈ کا شکار ہونے والے ڈیون کونوے کی جگہ ول ینگ کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔اس موقع پر پاکستان ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز آل رائونڈر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا ہی فیصلہ کرتے، پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے،
ورلڈکپ کی تیاری کے لیے ٹیم میں تبدیلیاں کی جا رہی ہیں اور آج جمعہ کو کیویز کے خلاف سیریز کے چوتھے میچ کے لیے اعظم خان کی جگہ صاحبزادہ فرحان کو شامل کیا گیا ہے۔نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ٹی ٹونٹی میچ کے لئے پاکستان کی ٹیم کپتان شاہین آفریدی، محمد رضوان، صائم ایوب، بابر اعظم، فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، افتخار احمد، محمد نواز، وسیم جونئیر، حارث روف اور زمان خان پر مشتمل ہے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم کپتان مچل سینٹنر ،فن ایلن، ٹم سیفرٹ ، ول ینگ، ڈیرل مچل، گلین فلپس، مارک چیپ مین، ایڈم ملن، میتھیو ہنری، ٹم ساؤتھی اور لوکی فرگوسن پر مشتمل ہے۔