راولپنڈی۔2ستمبر (اے پی پی):پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ، آخری روز بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 143 رنز اور پاکستان کو 10 وکٹیں درکار ہیں ، پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی اور انتہائی ناقص بیٹنگ کے باعث پوری ٹیم 172 رنز پر ڈھیر ہو گئی ، سلمان علی آغا 47 (ناٹ آؤٹ) اور محمد رضوان 43 رنز بنا کر نمایاں رہے ،
بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود نے 5 اور ناہید رانا نے 4 وکٹیں حاصل کیں ، بنگلہ دیش نے 185 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بغیر کسی نقصان کے 42 رنز بنا لیے ، ذاکر حسن 31 اور شادمان اسلام 9 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں ، چوتھے روز کا کھیل خراب موسم کے باعث چائے کے وقفے کے بعد ختم کر دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جاری ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 9 رنز 2 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو صائم ایوب 6 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے ، صائم ایوب اور شان مسعود کے مابین 38 رنز کی شراکت قائم ہوئی ، صائم ایوب تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 20 رنز بنا کر تسکین احمد کی گیند پر نجم الحسین شانتو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ۔
کپتان شان مسعود نے 28 رنز کی مختصر اننگز کھیلی ، وہ ناہید رانا کی گیند پر لتن داس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔بابر اعظم ایک بار پھر لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 11 رنز بنا کر ناہید رانا کی گیند پر شادمان اسلام کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ۔پاکستان کو چھٹا نقصان 81 کے مجموعی اسکور پر ہوا جب سعود شکیل صرف 2 رنز بنا کر ناہید رانا کی گیند پر لتن داس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے ساتویں وکٹ میں 55 رنز کا اضافہ کر کے ٹیم کا اسکور 136 تک پہنچایا ۔اس موقع پر فاسٹ باؤلر حسن محمود نے لگاتار دو گیندوں پر محمد رضوان کو 43 اور محمد علی کو صفر پر آؤٹ کر کے پاکستان کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ، ابرار احمد 2 رنز بنا کر ناہید رانا کا شکار بنے جبکہ میر حمزہ کو حسن محمود نے آئوٹ کیا ۔
اس طرح پاکستان کی پوری ٹیم 172 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، سلمان علی آغا 47 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔بنگلہ دیش کی طرف سے حسن محمود نے 5 اور ناہید رانا نے 4 وکٹیں حاصل کیں ، پہلی اننگز میں 12 رنز کی برتری کی بدولت پاکستان نے بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 185 رنز کا ہدف دیا ۔بنگلہ دیش نے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 42 رنز بنا لیے ، ذاکر حسین 31 اور شادمان اسلام 9 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں ، بنگلہ دیش کو جیت کے لیے مزید 143 رنز درکار ہیں ۔واضح رہے کہ اگر بنگلہ دیشی ٹیم ٹیسٹ جیت جاتی ہے تو وہ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کرے گی ۔