یوم دفاع پاکستان کل ملی جوش و خروش،قومی جذبے اور پروقار طریقے سے منایا جائیگا

157
Pakistan Defense Day
Pakistan Defense Day

فیصل آباد۔ 05 ستمبر (اے پی پی):فیصل آبادسمیت ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان کل 6ستمبر بروز جمعہ کو ملی جوش و خروش، قومی جذبے اور پروقار طریقے سے منایا جائیگاجبکہ شہدا کی یاد گاروں پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی جائیگی اور مساجد میں بھی قرآن خوانیوں کابھی اہتمام کیاجائیگا۔ یوم دفاع پاکستان کے سلسلہ میں تمام کنٹونمنٹس کے ساتھ ساتھ مختلف شہروں میں چھوٹی، بڑی سادہ مگر پر وقار تقاریب کا اہتمام کیاجائیگا اور ہلال پاکستان لہرانے سمیت 6 ستمبر 1965کی جنگ میں جام شہادت نوش اور دفاع وطن کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سمیت نشان حیدر پانے والے شہدائے افواج پاکستان کی یاد گاروں پر پھول چڑھائے جائیں گے اور فاتحہ خوانی کی جائیگی۔

اس موقع پر مختلف شہروں میں قرآن خوانی کی تقاریب کا بھی اہتمام کیاجائیگا۔ یہ دن 6 ستمبر 1965 کی پاک بھارت جنگ کی یاد میں منایا جاتا ہے جب بزدل بھارتی افواج نے مغربی پاکستان کے محا ز پر جنگ چھیڑی اور اچانک لاہور پر حملہ کر دیا۔ اس موقع پر پاک افواج کے جوانوں نے اپنی سرحدوں کی حفاظت کا حق ادا کرتے ہوئے دشمن افواج کو ایسا سبق سکھایا کہ اس کی کئی نسلیں اسے یاد رکھیں گی۔ یوم دفاع پاکستان کے موقع پر شہدا کو خراج عقیدت، غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے علاوہ ملک کی سلامتی، دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے،عوامی خوشحالی، قومی فلاح کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔

صوبائی دارالحکومت میں شاعر مشرق مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ؒاور کراچی میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒکے مزاروں پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریبات رونما ہوں گی جہاں اہم حکومتی، سیاسی شخصیات کے علاوہ گیریژن کمانڈرز اور اعلیٰ فوجی حکام حاضری دیں گے، پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کریں گے۔ اس سلسلہ میں رینجرز ہیڈکوارٹرز میں بھی خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی اورپاکستانی افواج کے ان جوانوں کو خراج عقیدت و تحسین پیش کیا جائیگاجنہوں نے قوم کی پکار پر لبیک کہتے ہوئے جرات و بہادری سے پاکستان کی بقا کیلئے اپنی جانیں قربان کیں۔

یوم دفاع کے موقع پر میجر شبیر شریف شہید (نشان حیدر)، میجر عزیزبھٹی شہید (نشان حیدر) سمیت دیگر شہدائے افواج پاکستان کی آخری آرام گاہوں پر بھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائیگا اور پھولوں کی چادریں چڑھاتے ہوئے فاتحہ خوانی کی جائیگی۔اسی نوعیت کی دیگر تقریبات جنگ ستمبر کی یاد میں تعمیر کی گئی یادگاروں پر بھی منعقد کی جائیں گی جن میں پاک فوج کے افسران و جوانوں کے علاوہ،انتظامی حکام، ارکان اسمبلی، سکولز و کالجز کے طلبا اور عوام الناس بھی بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔