فیصل آباد۔ 06 نومبر (اے پی پی):ایوان صنعت وتجارت فیصل آباد کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہاکہ امریکہ پاکستان کا سب سے اہم تجارتی پارٹنر ہے جس کی پاکستان سے درآمدات10ارب ڈالر سے بھی تجاوز کر چکی ہیں تاہم پاکستان میں مستقبل کے حوالے سے امریکی حکومت سے مزید معاشی مراعات لینے کیلئے ہمیں جامع حکمت عملی وضع کرنا ہو گی جبکہ گزشتہ کئی سالوں سے پاکستانی برآمدات جو10 ارب ڈالر تک رکی ہوئی ہیں اس کو بھی بڑھانے کیلئے امریکی منڈیوں تک ڈیوٹی فری رسائی ضروری ہے اسلئے ہمیں زیادہ سے زیادہ امریکی سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور معاشی تعاون حاصل کرنے کی کوشش کرنی ہو گی۔
‘امریکی صدارتی انتخابات پر تبصر ہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکی انتخابات کے اب تک کے تجزیوں کے نتیجہ میں دونوں صدارتی امیدواروں میں زبردست مقابلہ ہے تاہم کسی بھی جماعت کی کامیابی کی صورت میں پاکستان کے معاشی مفادات کو نقصان نہیں پہنچنا چاہیے جس کیلئے ہمیں انتہائی لچکدار پالیسیاں وضع کرنا ہوں گی تاکہ انتخابی نتائج کچھ بھی ہوں مگرپاکستان کے مجموعی معاشی مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔
ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا کہ مستقبل میں امریکی حکومت سے مزید معاشی مراعات اورامریکی منڈیوں تک پاکستانی برآمدات کیلئے ڈیوٹی فری رسائی کیلئے ہمیں بھرپور کوششیں اورمؤثر لابنگ کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدارتی انتخابات کے نتیجہ میں پاکستانی معیشت پر ممکنہ اثرات کا غیر جانبدارانہ اور ناقدانہ تجزیہ کر کے ایسے اقدامات اٹھانے ہوں گے جس کے نتیجہ میں پاکستان کے برآمدی مفادات کا بآسانی تحفظ کیا جا سکے۔