پاکستان میں امریکی ناظم الامورنیٹلی بیکر کا فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ، سیلاب سے بحالی کی پاکستانی کوششوں کیلئے امریکی عزم کا اعادہ

اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے لاہور اور قصور کے دورے کے دوران پاکستان کی سیلاب سے بحالی کیلئے جاری کوششوں کے حوالے سے امریکی عزم پر زور دیا۔ منگل کو امریکی سفارت خانے سے جاری بیان کے مطابق ناظم الامور بیکر نے پنجاب کے ریلیف کمشنر نبیل جاوید کے ساتھ اپنی ملاقات میں پنجاب میں جاری ہنگامی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا اور …

اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے لاہور اور قصور کے دورے کے دوران پاکستان کی سیلاب سے بحالی کیلئے جاری کوششوں کے حوالے سے امریکی عزم پر زور دیا۔

منگل کو امریکی سفارت خانے سے جاری بیان کے مطابق ناظم الامور بیکر نے پنجاب کے ریلیف کمشنر نبیل جاوید کے ساتھ اپنی ملاقات میں پنجاب میں جاری ہنگامی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا اور بحالی کی ان کوششوں میں امریکہ کی جانب سے آفات کے دوران جان بچانے والی امدادی اشیاء کی فراہمی کو اجاگر کیا۔

انہوں نے قصور میں جو دریائے ستلج سے ملحق سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں سے ایک ہے، امدادی کیمپوں میں بے گھر خاندانوں اور امدادی کارکنوں سے ملاقات کی۔ ناظم الامور نے متاثرہ افراد کی قوت مدافعت کو سراہا اور امدادی کارکنوں کی انتھک کوششوں کی بھی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ میں ضلعی انتظامیہ کی انتہائی مربوط کوششوں کو سراہتی ہوں جس نے اس بات کو یقینی بنایا کہ اس علاقے میں ایک بھی زندگی ضائع نہ ہو۔

انھوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر کی جانے والی کوششوں میں زندگیاں بچانے والی بحالی، فوری امداد، اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مسلسل دیکھ بھال شامل ہے، جو ایک بہترین مثال ہے۔

ناظم الامور بیکر نے لاہور میں آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اے پی ٹی ایم اے) کے ممبران اور کاروبار، حکومت، آئی ٹی، تعلیم، آرٹس، ثقافت اور دیگر مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان پیشہ ور افراد سے بھی ملاقات کی۔

نیٹلی بیکر نے تجارت اور اقتصادی ترقی کے لیے امریکی عزم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم امریکہ اور پاکستان دونوں ملکوں کے لوگوں کے لیے ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے اور خوشحالی کو فروغ دینےکے لیے بہترین امریکی ٹیکنالوجی، اختراعات اور کاروبار لانا چاہتے ہیں۔

بیان کے مطابق اس دورے سے پاکستان کے ساتھ امریکہ کی پائیدار شراکت داری کو تقویت ملی جو ایک ایسا رشتہ ہے جو دہائیوں پر محیط ہے اورتسلسل کے ساتھ مشترکہ مفادات، اقتصادی مواقع، عوامی روابط اور انسانی امداد کو ترجیح دیتا ہے۔

مزید خبریں