نوجوانوں کی رہنمائی اور فلاح کے لیے نیشنل یوتھ ہیلپ لائن کا کردار قابل تحسین ہے، ترجمان ایچ ای سی

اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی) نے نیشنل یوتھ ہیلپ لائن پر کالز میں نمایاں اضافے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پلیٹ فارم پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ایک موثر، محفوظ اور قابل اعتماد ذریعہ بن چکا ہے جہاں وہ اپنی زندگی کے اہم فیصلوں میں رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔ ایچ ای سی کے ترجمان نے بتایا کہ یو این …

اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی) نے نیشنل یوتھ ہیلپ لائن پر کالز میں نمایاں اضافے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پلیٹ فارم پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ایک موثر، محفوظ اور قابل اعتماد ذریعہ بن چکا ہے جہاں وہ اپنی زندگی کے اہم فیصلوں میں رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔

ایچ ای سی کے ترجمان نے بتایا کہ یو این ایف پی اے کے تعاون سے چلنے والی نیشنل یوتھ ہیلپ لائن پر جولائی 2025ء میں موصول ہونے والی کالز کی تعداد 1745 رہی جو کہ جون 2025ء کے مقابلے میں 94 فیصد زیادہ ہے۔ ترجمان کے مطابق اس غیرمعمولی اضافہ سے یہ واضح ہوتا ہے کہ نوجوان اب اپنے مسائل پر بات کرنے اور رہنمائی حاصل کرنے کے لیے زیادہ پراعتماد ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، ان کی فکری، ذہنی اور سماجی صحت ہماری اولین ترجیح ہے۔ نیشنل یوتھ ہیلپ لائن ایک ایسا قدم ہے جو انہیں وقت پر رہنمائی، مشاورت اور مدد فراہم کرتا ہے وہ بھی بالکل مفت اور رازداری کے ساتھ۔ نیشنل یوتھ ہیلپ لائن پر 69457-0800 پر مفت کال کی جا سکتی ہے۔

یہ سروس پیر سے جمعہ صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک دستیاب ہے۔ مزید سہولت کے لیے خواتین مشیر خواتین کالرز سے جبکہ مرد مشیر مرد کالرز سے بات کرتے ہیں تاکہ ہر فرد کو اپنے آرام اور اعتماد کے مطابق رہنمائی مل سکے۔

ایچ ای سی نے تعلیمی اداروں، اساتذہ، والدین اور طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سروس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اسے نوجوانوں تک پہنچانے میں کردار ادا کریں۔

ترجمان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کوئی بھی نوجوان خود کو تنہا نہ سمجھے۔ نیشنل یوتھ ہیلپ لائن پر ہر سوال، ہر مسئلہ اور ہر فکر پر بات کی جا سکتی ہے۔ ایچ ای سی نوجوانوں کی شخصیت سازی، کیریئر گائیڈنس اور ذہنی فلاح کے لیے ہرممکن اقدام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

مزید خبریں