انگلینڈ لائنز نے پاکستان شاہینز کو 32رنز سے شکست دے کر سیریز میں ناقابلِ شکست 2-0کی برتری حاصل کرلی

لاہور۔22فروری (اے پی پی):ابوظہبی میں کھیلے گئے تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ لائنز نے پاکستان شاہینز کو 32رنز سے شکست دے کر سیریز میں ناقابلِ شکست 2-0کی برتری حاصل کرلی۔ پی سی بی کی لاہور سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق میچ شیخ زاید سٹیڈیم نرسری ون میں اتوار کی سہ پہر کھیلا گیا۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ اسی مقام …

لاہور۔22فروری (اے پی پی):ابوظہبی میں کھیلے گئے تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ لائنز نے پاکستان شاہینز کو 32رنز سے شکست دے کر سیریز میں ناقابلِ شکست 2-0کی برتری حاصل کرلی۔ پی سی بی کی لاہور سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق میچ شیخ زاید سٹیڈیم نرسری ون میں اتوار کی سہ پہر کھیلا گیا۔

سیریز کا تیسرا اور آخری میچ اسی مقام پر منگل 24فروری کو مقامی وقت کے مطابق شام 7بجکر 30منٹ پر شروع ہوگا۔پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور ابتدا میں کامیابی بھی حاصل کی جب شاہد عزیز نے ول اسمیڈ کو پہلی ہی گیند پر آوٹ کردیا۔ بعدازاں بین میک کنی (25گیندوں پر 38رنز، 6چوکے)اور کپتان جارڈن کاکس (30گیندوں پر 34رنز، 4 چوکے، ایک چھکا)نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سنبھالا۔ سعد مسعود نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین اوورز میں 38رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔

جیمز کولز نے اننگز کے آخری حصے میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 30گیندوں پر چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 48رنز بنائے، جس کی بدولت انگلینڈ لائنز نے مقررہ 20اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 183رنز اسکور کیے۔ شاہد عزیز، جو سیریز میں اپنا پہلا میچ کھیل رہے تھے، نے چار اوورز میں 26رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں پاکستان شاہینز کا آغاز اچھا رہا۔ کپتان شمیل حسین نے 15 گیندوں پر 20 رنز (ایک چوکا، دو چھکے) بنائے جبکہ معاذ صداقت 25 گیندوں پر 32رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

دونوں نے پہلی وکٹ کے لیے 4.2 اوورز میں 41 رنز جوڑے، تاہم وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باعث مطلوبہ رفتار برقرار نہ رہ سکی۔سعد بیگ نے 18 گیندوں پر 20 رنز جبکہ حسن نواز نے 24 گیندوں پر 20 رنز اسکور کیے۔ نمبر سات پر بیٹنگ کے لیے آنے والے سعد مسعود نے 17 گیندوں پر دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 30 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ شاہد عزیز نے بھی سات گیندوں پر 15رنز بنا کر مزاحمت کی، لیکن ٹیم 19.3اوورز میں 151رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔جیمز کولز نے آل راونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار اوورز میں 18رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ اسکاٹ کری اور سونی بیکر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔