جنوبی افریقہ ویمن کی پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان ویمن کو ڈک ورتھ لوئس اسٹرن طریقہ کار کے تحت 37رنز سے شکست

لاہور۔22فروری (اے پی پی):جنوبی افریقہ ویمن نے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان ویمن کو ڈک ورتھ لوئس اسٹرن (ڈی ایل ایس)طریقہ کار کے تحت 37رنز سے شکست دے دی۔پی سی بی کے ترجمان رضا راشد کے مطابق بارش سے متاثرہ یہ میچ 41اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا تھا اور مقابلہ مانگاونگ اوول، بلومفونٹین میں کھیلا گیا۔262رنز کے تعاقب میں پاکستان نے ابتدا میں دو وکٹیں جلد …

لاہور۔22فروری (اے پی پی):جنوبی افریقہ ویمن نے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان ویمن کو ڈک ورتھ لوئس اسٹرن (ڈی ایل ایس)طریقہ کار کے تحت 37رنز سے شکست دے دی۔پی سی بی کے ترجمان رضا راشد کے مطابق بارش سے متاثرہ یہ میچ 41اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا تھا اور مقابلہ مانگاونگ اوول، بلومفونٹین میں کھیلا گیا۔262رنز کے تعاقب میں پاکستان نے ابتدا میں دو وکٹیں جلد گنوا دیں، تاہم سدرہ امین اور عائشہ ظفر نے تیسری وکٹ کے لیے 126رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کر کے ٹیم کو سنبھالا دیا۔ یہ شراکت پاکستان ویمن کی ون ڈے تاریخ میں تیسری وکٹ کی سب سے بڑی پارٹنرشپ ہے، جس نے 2022میں آئرلینڈ کے خلاف 124رنز کے سابقہ ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔

سدرہ امین نے 69گیندوں پر 68رنز بنائے جن میں 9چوکے شامل تھے جبکہ عائشہ ظفر نے 94گیندوں پر 81رنز کی اننگز کھیلی اور 7چوکے لگائے۔عالیہ ریاض نے ساتویں نمبر پر آ کر 26گیندوں پر 32رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 6چوکے شامل تھے لیکن وہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکیں۔ پاکستان کی پوری ٹیم 38.5اوورز میں 223رنز بنا کر آوٹ ہو گئی اور ہدف سے 37 رنز پیچھے رہ گئی۔جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹومی سیکھوکھونے نے 50 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سونے لوس اور نادین ڈی کلرک نے دو، دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ڈیانا بیگ نے پانچویں اوور میں 19کے مجموعی اسکور پر تیزمین برٹس کو آوٹ کر کے پہلی کامیابی دلائی۔ لارا گڈال 13 رنز بنا کر آوٹ ہوئیں جبکہ کپتان لورا وولوارڈٹ 43 رنز بنانے کے بعد نیشرا سندھو کا شکار بنیں، اس وقت میزبان ٹیم کا اسکور 84-3 تھا۔

بعد ازاں سونے لوس اور اینیری ڈرکسن نے چوتھی وکٹ کے لیے 80 رنز کی شراکت قائم کی۔ ڈرکسن 31 رنز بنا کر آوٹ ہوئیں جبکہ کلوئی ٹرایون کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئیں۔ 170 کے مجموعے پر چھٹی وکٹ گرنے کے بعد سونے لوس اور وکٹ کیپر سینالو جافٹا نے ساتویں وکٹ کے لیے ناقابل شکست 90 رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور 41 اوورز میں 260-6 تک پہنچا دیا۔ لوس 93 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہیں جبکہ جافٹا نے 38 گیندوں پر 57 رنز اسکور کیے۔نیشرا سندھو نے 45 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ سونے لوس کو آل راونڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔تین میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا ون ڈے 25فروری کو سنچورین میں جبکہ تیسرا اور آخری میچ یکم مارچ کو ڈربن میں کھیلا جائے گا۔