ویرونا۔23فروری (اے پی پی):میلان کورٹینا سرمائی اولمپکس 2026 دو ہفتوں کے انتہائی دلچسپ اورسنسنی خیز مقابلوں کے بعد شمالی اٹلی کے تاریخی مقام ویرونا اولمپک ایرینا میں ایک پروقار تقریب کے ساتھ ختم ہو گئے۔ بی بی سی کے مطابق قدیم اطالوی اوپرا اور فلمی موسیقی سے سجی اس اختتامی تقریب میں اولمپک مشعل کو بجھایا گیا اور اولمپک پرچم فرانس کے حوالے کیا گیا جو 2030 کے سرمائی کھیلوں …
میلان،کورٹینا سرمائی اولمپکس 2026 شاندار تقریب کے ساتھ اختتام پذیر،ناروے کی برتری
ویرونا۔23فروری (اے پی پی):میلان کورٹینا سرمائی اولمپکس 2026 دو ہفتوں کے انتہائی دلچسپ اورسنسنی خیز مقابلوں کے بعد شمالی اٹلی کے تاریخی مقام ویرونا اولمپک ایرینا میں ایک پروقار تقریب کے ساتھ ختم ہو گئے۔
بی بی سی کے مطابق قدیم اطالوی اوپرا اور فلمی موسیقی سے سجی اس اختتامی تقریب میں اولمپک مشعل کو بجھایا گیا اور اولمپک پرچم فرانس کے حوالے کیا گیا جو 2030 کے سرمائی کھیلوں کی میزبانی کرے گا۔
اس تاریخی موقع پر عالمی شخصیات اور کھیلوں کے سربراہان نے بطور مہمانِ شرکت کی جبکہ اٹلی کے صدر سرجیو مٹاریلا، وزیراعظم جارجیا میلونی اور میلان کورٹینا آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ جیوانی مالاگو نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب کی صدارت انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی ) کی صدر کرسٹی کووینٹری نے کی جبکہ پرچم کی تبدیلی کی اہم رسم کے لیے فرانسیسی وفد کی قیادت جنوبی فرانس کے ریجنل صدر رینو مسلیر اور اوورن رون ایلپس کے صدر فیبرائس پینیکوک نے کی جنہوں نے 2030 کے سرمائی کھیلوں کی میزبانی کے لیے اولمپک پرچم وصول کیا۔
تقریب میں اٹلی کی اعلیٰ سیاسی قیادت اور بین الاقوامی اولمپک ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ ان کھیلوں میں ناروے نے مسلسل چوتھی بار میڈل ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ کراس کنٹری سکیئنگ کے بادشاہ یوہانس ہوس فلوٹ کلیبو 6 گولڈ میڈلز جیت کر ایونٹ کے کامیاب ترین کھلاڑی رہے۔
میزبان ملک اٹلی نے بھی 10 گولڈ میڈلز کے ساتھ اپنی تاریخ کی بہترین کارکردگی دکھائی۔انگلینڈ نے ان کھیلوں میں 3 طلائی تمغوں سمیت مجموعی طور پر 5 میڈلز جیت کر 15 ویں پوزیشن حاصل کی جو کہ سرمائی اولمپکس کی تاریخ میں برطانیہ کی بہترین کارکردگی ہے۔
میٹ ویسٹن نے سکیلیٹن میں دو گولڈ میڈلز جیتے جبکہ شارلٹ بینکس اور ہو نائٹنگیل نے سنو بورڈ کراس میں برطانیہ کو برف پر پہلا اولمپک گولڈ جتوایا۔ ایونٹ کے دیگر اہم پہلوؤں میں برازیل کا پہلا سرمائی اولمپک گولڈ میڈل اور جارجیا کا پہلا سلور میڈل شامل ہے۔
آئی او سی کی صدر کرسٹی کووینٹری نے کھیلوں کے اختتام کا اعلان کرتے ہوئے کھلاڑیوں کے جذبے اور باہمی احترام کی تعریف کی، تاہم ایونٹ کے دوران یوکرینی کھلاڑی کی نااہلی اور روسی کھلاڑیوں کی غیر جانبدار حیثیت میں شرکت جیسے تنازعات بھی زیرِ بحث رہے۔









