پی سی بی کا پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن ایچ بی ایل پی ایس ایل11 کے شیڈول کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن ایچ بی ایل پی ایس ایل11 کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے،جس کے مطابق ٹورنامنٹ26 مارچ سے شروع ہو کر3 مئی تک جاری رہے گا۔ ایونٹ کے دوران مجموعی طور پر44 میچز کھیلے جائیں گے۔اس سیزن میں پہلی بار لیگ میں آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی جبکہ دو نئی فرنچائزز بھی شامل کی گئی ہیں۔

لاہور۔10مارچ (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن ایچ بی ایل پی ایس ایل11 کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے،جس کے مطابق ٹورنامنٹ26 مارچ سے شروع ہو کر3 مئی تک جاری رہے گا۔ ایونٹ کے دوران مجموعی طور پر44 میچز کھیلے جائیں گے۔اس سیزن میں پہلی بار لیگ میں آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی جبکہ دو نئی فرنچائزز بھی شامل کی گئی ہیں۔ نئی شامل ہونے والی ٹیموں میں حیدرآباد کنگز مین اور راولپنڈی پنڈیز شامل ہیں، جن کی شرکت سے ٹورنامنٹ مزید دلچسپ ہونے کی توقع ہے۔پی ایس ایل11 کے میچز ملک کے چھ مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گے۔

ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ قذافی سٹیڈیم، لاہور میں کھیلا جائے گا۔ اس ایڈیشن میں پہلی بار فیصل آباد اور پشاور کو بھی میزبانی کا اعزاز دیا گیا ہے۔لیگ مرحلے میں ہر ٹیم دس،دس میچز کھیلے گی جبکہ پلے آف مرحلے کا آغاز28 اپریل سے ہوگا۔راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں مجموعی طور پر11 میچز کھیلے جائیں گے جن میں ایک کوالیفائر بھی شامل ہوگا جبکہ قذافی سٹیڈیم لاہور میں15 میچز شیڈول کیے گئے ہیں۔فیصل آباد میں پہلی بار پی ایس ایل کے سات میچز کھیلے جائیں گے جبکہ عمران خان کرکٹ سٹیڈیم پشاور بھی پہلی مرتبہ لیگ میچز کی میزبانی کرے گا۔

اسی طرح ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں چار میچز شیڈول کیے گئے ہیں جن میں ملتان سلطانز ایکشن میں ہوں گے۔نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں ایونٹ کے چھ میچز کھیلے جائیں گے جبکہ پورے ٹورنامنٹ کے دوران 12 ڈبل ہیڈرز بھی شیڈول کیے گئے ہیں۔دریں اثنا پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 11 کی کوریج کے لیے میڈیا ایکریڈیٹیشن کا عمل بھی شروع کر دیا ہے اور درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ13 مارچ مقرر کی گئی ہے۔