نٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کی تازہ ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کے سلمان علی آغا نے شاندار کارکردگی کے باعث کیریئر کی بہترین نویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
آئی سی سی،ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کے سلمان علی آغا کی شاندار کارکردگی کے باعث کیریئر کی بہترین نویں پوزیشن
لاہور۔18مارچ (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کی تازہ ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کے سلمان علی آغا نے شاندار کارکردگی کے باعث کیریئر کی بہترین نویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ انہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف میرپور میں کھیلے گئے دوسرے اور تیسرے ون ڈے میں 64 اور 106 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر 18ویں سے ترقی کرتے ہوئے بھارت کے کے ایل راہول کے ساتھ مشترکہ نویں پوزیشن حاصل کی۔
دوسری جانب بنگلہ دیش کے کپتان مہدی حسن میراز نے بھی شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹاپ 10باولرز میں واپسی کی ہے۔ انہوں نے پہلے دو میچز میں تین وکٹیں 29رنز کے عوض اور دو وکٹیں 34رنز دے کر حاصل کیں، جس کے بعد وہ نو درجے ترقی پا کر ساتویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔آل راونڈرز کی فہرست میں بھی دونوں کھلاڑیوں نے بہتری دکھائی ہے، جہاں سلمان علی آغا مشترکہ دسویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ مہدی حسن میراز دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔
اس فہرست میں افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں۔بنگلہ دیش کے تنزید حسن نے سیریز کے فیصلہ کن میچ میں اپنی پہلی ون ڈے سنچری اسکور کر کے 31 درجے ترقی کے ساتھ 55ویں پوزیشن حاصل کی، جبکہ توحید ہردوئے 32ویں اور لٹن داس 82ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔باولرز میں تسکین احمد نے تیسرے میچ میں چار وکٹیں لے کر 28ویں پوزیشن حاصل کی جبکہ مصطفی الرحمان 47ویں اور نہید رانا 98ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور حارث روف ایک ایک درجہ ترقی کے بعد بالترتیب 17ویں اور 19ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ لیگ اسپینر ابرار احمد 13ویں پوزیشن کے ساتھ پاکستانی باولرز میں سب سے آگے ہیں۔ٹی ٹونٹی رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے جنوبی افریقہ کے خلاف عمدہ بالنگ کی بدولت 24ویں سے 13ویں نمبر پر جگہ بنا لی ہے۔ ان کے ہم وطن لوکی فرگوسن 51ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے اوٹنیل بارٹمین 73ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔بیٹنگ میں نیوزی لینڈ کے ڈیون کونوے نے بھی ترقی کرتے ہوئے 70ویں پوزیشن حاصل کر لی ۔









