وزیر صنعت و تجارت پنجاب کاچائنیز قونصلیٹ کا دورہ ،چینی قونصل جنرل سے ملاقات کی

لاہور۔22مارچ (اے پی پی):وزیر صنعت و تجارت پنجاب چوہدری شافع حسین نے چائنیز قونصلیٹ کا دورہ کیا اور نو تعینات چین کے قونصل جنرل مسٹر سن یان سے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر نے نئے قونصل جنرل کو لاہور میں تعیناتی پر مبارکباد دی۔ملاقات کے دوران سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے انڈسٹری ڈیپارٹمنٹ اور قونصلیٹ کے مابین مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی تجویز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ای وی سیکٹر،صنعت،زراعت اور دیگر …

لاہور۔22مارچ (اے پی پی):وزیر صنعت و تجارت پنجاب چوہدری شافع حسین نے چائنیز قونصلیٹ کا دورہ کیا اور نو تعینات چین کے قونصل جنرل مسٹر سن یان سے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر نے نئے قونصل جنرل کو لاہور میں تعیناتی پر مبارکباد دی۔ملاقات کے دوران سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے انڈسٹری ڈیپارٹمنٹ اور قونصلیٹ کے مابین مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی تجویز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ای وی سیکٹر،صنعت،زراعت اور دیگر شعبوں میں باہمی اشتراک بڑھانے پر اتفاق ہوا۔

صوبائی وزیر نے پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے مواقع اور چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر چوہدری شافع حسین نےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں چین کی بڑی کمپنیوں نے مختلف شعبوں میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے،چین کی وی وو موبائل فون کمپنی پاکستان میں پہلی بار چپ فریم کی مینوفیکچرنگ شروع کر رہی ہے، اسی طرح ہواوے گروپ کے ساتھ جدید زراعت کے فروغ کیلئے باہمی تعاون کا معاہدہ ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر سے وابستہ چین کا چیلنج گروپ یہاں 2 نئی فیکٹریاں لگا رہا ہے جس سے روزگار کے 21 ہزار نئے مواقع پیدا ہوں گے،اسی طرح قائد آباد میں سالٹ رینج کے قریب نئی انڈسٹریل اسٹیٹ بنائی جارہی ہے جہاں پنک سالٹ کی ویلیو ایڈیشن کے کارخانے لگیں گے۔انہوں نے کہا کہ سپیشل اکنامک زونز میں عالمی معیار کا صنعتی انفراسٹرکچر موجود اور انڈسٹری کی ضرورت کے مطابق نئی انڈسٹریل اسٹیٹس بھی بنائی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین کے سرمایہ کار پنجاب میں کھلے دل سے سرمایہ کاری کریں،ہر ممکن سہولت دیں گے، پنجاب میں چین کے سرمایہ کاروں اور ان کی سرمایہ کاری کو مکمل تحفظ حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کو لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا، دونوں ممالک کے عوامی سطح پر بھی مضبوط روابط قائم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنگ ہو یا امن،سیلاب ہو یا زلزلہ یا کوئی اور قدرتی آفت،چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا ہے ،آنیوالے دنوں میں دونوں ممالک کی دوستی اور معاشی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔صوبائی وزیر نے اپنے چین کے دوروں کے دوران چین کی کمپنیوں کے ساتھ پنجاب میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ہونے والے معاہدوں سے بھی آگاہ کیا۔

چائنیز قونصل جنرل سن یان نے کہا کہ لاہور پاکستان کا تاریخی،تہذیبی و ثقافتی شہر ہے اور یہاں تعیناتی ان کے لئے باعث اعزاز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے مابین دوستی و معاشی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ،چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور دونوں ممالک کی دوستی اور اقتصادی تعاون کی اعلی مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے ہرممکن کوشش کی جائے گی، چین اور پنجاب کے مابین معاشی تعاون بڑھانے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ چائنیز کو بہترین سکیورٹی کی فراہمی پر پنجاب حکومت کے مشکور ہیں۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی اور چائنیز قونصلیٹ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔