حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے پٹرول وڈیزل پر غیر معمولی سبسڈی فراہم کی ہے، ڈاکٹر مصدق ملک

لاہور۔23مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے پٹرول اور ڈیزل پر غیر معمولی سبسڈی فراہم کی ہے، جس کے تحت پیٹرول پر تقریبا 127 روپے فی لیٹر اور ڈیزل پر 200 سے 250 روپے فی لیٹر تک سبسڈی دی جا رہی ہے، تاکہ مہنگائی کے دبائو کو کم کیا جا سکے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو …

لاہور۔23مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے پٹرول اور ڈیزل پر غیر معمولی سبسڈی فراہم کی ہے، جس کے تحت پیٹرول پر تقریبا 127 روپے فی لیٹر اور ڈیزل پر 200 سے 250 روپے فی لیٹر تک سبسڈی دی جا رہی ہے، تاکہ مہنگائی کے دبائو کو کم کیا جا سکے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں حالیہ تیزی کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں کیا گیا، اگر یہ سبسڈی نہ دی جاتی تو آج پٹرول کی قیمت 400 روپے اور ڈیزل کی قیمت 500 روپے فی لیٹر سے تجاوز کر سکتی تھی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے اپنے اخراجات میں بھی بڑی کٹوتی کی ہے، جس کے تحت تقریبا 70 ارب روپے کے اخراجات کم کیے جا رہے ہیں۔

اس مقصد کے لیے60 فیصد سرکاری گاڑیاں بند اوروفاقی حکومت کے ایندھن کے اخراجات میں 50 فیصد کمی کی گئی ہے، وزراء اور مشیروں کے غیر ضروری دوروں پر پابندی عائد اور متعدد سرکاری تقریبات وغیر ضروری سرگرمیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے خود بھی کفایت شعاری کے تحت اپنے غیر ضروری دورے منسوخ کیے اور اہم امور ویڈیو لنک کے ذریعے نمٹائے جا رہے ہیں۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ حکومت نے امیر اور غریب کے درمیان فرق کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسی اپنائی ہے، لگژری گاڑیوں کے لیے استعمال ہونے والے ہائی آکٹین ایندھن پر 200 روپے فی لیٹر اضافی ٹیکس عائد کیا گیا ہے تاکہ بوجھ غریب طبقے کے بجائے صاحبِ حیثیت افراد پر منتقل کیا جا سکے، سرکاری لگژری گاڑیوں کا استعمال بھی کم اور انہیں صرف سکیورٹی مقاصد تک محدود کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں اور ٹرانسپورٹرز کو ریلیف دینے کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ نہیں کیا گیا، حکومت کی کوشش ہے کہ مشکل معاشی حالات میں عام آدمی پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے۔وفاقی وزیر نے خبردار کیا کہ اگر عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ جاری رہا تو حکومت کے لیے طویل عرصے تک سبسڈی برقرار رکھنا ممکن نہیں ہوگا، اس لیے کفایت شعاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے ،گاڑی کھڑی ہونے پر انجن بند، بجلی کا محتاط استعمال اور حتی الامکان پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کی جائے۔ ان کا مزیدکہنا تھا کہ قوم اگر اجتماعی طور پر چھوٹے چھوٹے اقدامات کرے تو بڑے معاشی چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مشکل وقت میں قومی اتحاد ناگزیر ہے ، حکومت و عوام مل کر ہی معاشی چیلنجز کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔