شائقینِ کرکٹ کے لیے جدید اور منفرد نشریاتی سہولیات متعارف

لاہور۔25مارچ (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن میں شائقینِ کرکٹ کو جدید اور منفرد نشریاتی تجربہ فراہم کرنے کے لیے متعدد نئی سہولیات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔ لیگ کا آغاز 26 مارچ سے ہوگا اور یہ ٹورنامنٹ3 مئی تک لاہور اور کراچی میں کھیلا جائے گا۔ اس بار پہلی مرتبہ اردو فیڈ کے لیے خصوصی کیمرے مختص کیے گئے ہیں جبکہ پری میچ اور پوسٹ میچ اردو …

لاہور۔25مارچ (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن میں شائقینِ کرکٹ کو جدید اور منفرد نشریاتی تجربہ فراہم کرنے کے لیے متعدد نئی سہولیات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔ لیگ کا آغاز 26 مارچ سے ہوگا اور یہ ٹورنامنٹ3 مئی تک لاہور اور کراچی میں کھیلا جائے گا۔ اس بار پہلی مرتبہ اردو فیڈ کے لیے خصوصی کیمرے مختص کیے گئے ہیں جبکہ پری میچ اور پوسٹ میچ اردو اسٹوڈیو شوز بھی پیش کیے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد شائقین کو اپنی زبان میں کرکٹ سے جوڑنا ہے۔نشریات میں ہاک آئی ٹیکنالوجی کو مزید بہتر بنایا گیا ہے جس میں ڈی آر ایس کے جدید فیچرز شامل ہوں گے۔

آف دی بیٹ ویژولائزیشن کے ذریعے گیند کے فاصلے اور بلندی کا ڈیٹا اسکرین پر دکھایا جائے گا، جبکہ بایو مکینکس کے ذریعے کھلاڑیوں کی حرکات و سکنات کو سائنسی انداز میں پیش کیا جائے گا۔ مزید برآں، پلیئر ٹریکنگ ٹیکنالوجی کو بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے جس میں ریئل ٹائم فیلڈ پلاٹ اور تھری ڈی اسٹیڈیم اینیمیشن شامل ہیں۔ نشریات کے دوران آگمینٹڈ ریئلٹی اور ورچوئل ریئلٹی گرافکس کا استعمال بھی کیا جائے گا تاکہ شائقین کو ایک جدید اور دلکش تجربہ فراہم کیا جا سکے۔

ٹورنامنٹ میں ڈیٹا اینالیٹکس کو بھی بہتر بنایا گیا ہے، جس کے ذریعے ٹیموں اور کھلاڑیوں کے بارے میں تفصیلی اعداد و شمار فراہم کیے جائیں گے۔ یہ تمام اقدامات شائقین کے لیے کرکٹ دیکھنے کے انداز کو مزید دلچسپ اور معلوماتی بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔