لاہور۔25مارچ (اے پی پی):پشاور زلمی نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں سیزن کیلئے سیف علی خان کو یوتھ ایمبیسیڈر مقرر کرنے کا اعلان کر دیا ہے،جس کا مقصد نئی نسل کے ساتھ اپنے تعلق کو مزید مضبوط بنانا ہے۔سیف علی خان،جنہیں دلوں کا وزیر اور خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کی دھڑکن کے طور پر جانا جاتا ہے،خطے کی بھرپور نمائندگی کرتے ہیں۔ ان کی توانائی،اثر و رسوخ …
پشاور زلمی نے پی ایس ایل کیلئے سیف علی خان کو یوتھ ایمبیسیڈر مقرر کرنے کا اعلان کر دیا
لاہور۔25مارچ (اے پی پی):پشاور زلمی نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں سیزن کیلئے سیف علی خان کو یوتھ ایمبیسیڈر مقرر کرنے کا اعلان کر دیا ہے،جس کا مقصد نئی نسل کے ساتھ اپنے تعلق کو مزید مضبوط بنانا ہے۔سیف علی خان،جنہیں دلوں کا وزیر اور خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کی دھڑکن کے طور پر جانا جاتا ہے،خطے کی بھرپور نمائندگی کرتے ہیں۔
ان کی توانائی،اثر و رسوخ اور سچائی پشاور زلمی کی اقدار اور وژن سے مکمل ہم آہنگ ہے،جس کے باعث وہ اس کردار کیلئے ایک فطری انتخاب سمجھے جا رہے ہیں۔یہ تقرری اس بات کا اظہار ہے کہ فرنچائز نوجوانوں کو با اختیار بنانے،ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ملک بھر کی کمیونٹیز کے ساتھ مضبوط اور بامعنی تعلق قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے کہا کہ سیف علی خان نوجوانوں کے جذبے،توانائی اور امنگوں کی عکاسی کرتے ہیں۔ان کا عوام،خصوصا خیبر پختونخوا کے لوگوں سے مضبوط تعلق اور متاثر کرنے کی صلاحیت انہیں اس ذمہ داری کیلئے بہترین انتخاب بناتی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پشاور زلمی ہمیشہ نئی نسل کے لیے مواقع اور پلیٹ فارمز فراہم کرنے کیلئے کوشاں رہی ہے اور سیف کی شمولیت#GenZalmi کے وژن کو مزید تقویت دے گی۔
یوتھ ایمبیسیڈر کی حیثیت سے سیف علی خان نوجوان مداحوں کے ساتھ فعال رابطہ رکھیں گے، ان کی آواز کو اجاگر کریں گے اور میدان کے اندر اور باہر زلمی اسپرٹ کی نمائندگی کریں گے جبکہ #GenZalmi کی شناخت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔پشاور زلمی نے سیف علی خان کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل11 میں یہ شراکت ایک متحرک اور موثر سفر ثابت ہوگا۔









