لاہور۔25مارچ (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام ایچ بی ایل پی ایس ایل کا گیارہواں نظر ثانی شدہ ٹورنامنٹ26 مارچ سے3 مئی2026 تک لاہور اور کراچی میں کھیلا جائے گا، جسکے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ نئے شیڈول کے مطابق اب تمام میچز لاہور اور کراچی میں ہوں گے۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر44 میچزکھیلے جائیں گے، جن میں دونوں شہر 22، 22 میچز کی …
پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام گیارہواں نظر ثانی شدہ ٹورنامنٹ 26 مارچ سے 3 مئی تک کھیلا جائیگا
لاہور۔25مارچ (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام ایچ بی ایل پی ایس ایل کا گیارہواں نظر ثانی شدہ ٹورنامنٹ26 مارچ سے3 مئی2026 تک لاہور اور کراچی میں کھیلا جائے گا، جسکے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ نئے شیڈول کے مطابق اب تمام میچز لاہور اور کراچی میں ہوں گے۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر44 میچزکھیلے جائیں گے، جن میں دونوں شہر 22، 22 میچز کی میزبانی کریں گے۔ افتتاحی میچ حیدرآباد کنگزمین اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ لاہور میں ایلیمینیٹر 1، ایلیمینیٹر 2 اور فائنل رکھا گیا ہے جبکہ کوالیفائر کراچی میں ہوگا۔ اس بار ٹورنامنٹ کو عارضی طور پر گھر بیٹھ کر دیکھنے کے ماڈل پر منتقل کیا جا رہا ہے، جس کے تحت نشریاتی اور پروڈکشن معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ شائقین کو بہترین تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
حکام کے مطابق اگرچہ سٹیڈیمز میں شائقین کی کمی محسوس کی جائے گی، 2 شہروں تک محدود کرنے سے سفری، انتظامی اور یوٹیلٹی اخراجات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل بدستور اعلی معیار کی کرکٹ کی فراہمی اور قومی ترجیحات سے ہم آہنگ رہتے ہوئے اپنی روایتی کامیابیوں کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ پی سی بی ترجمان کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کا آغاز26 مارچ کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور حیدرآباد کنگزکے میچ سے ہوگا تاہم اس بار افتتاحی تقریب منعقد نہیں کی جائے گی اور سکیورٹی وجوہات کے باعث میچ خالی سٹیڈیم میں بغیر تماشائیوں کے کھیلا جائے گا۔
اب تمام مقابلے صرف 2 شہروں تک محدود کر دیے گئے ہیں، ان میں سے22 میچز کراچی جبکہ22 لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ 2 روز قبل چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پریس کانفرنس میں اس فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ حالات میں یہ قدم قومی مفاد میں اٹھایا گیا ہے اور امید ہے کہ آج کی یہ قربانی مستقبل میں آسانی کا سبب بنے گی۔یوں پی ایس ایل 11 کا آغاز سادگی کے ساتھ مگر پرجوش انداز میں ہونے جا رہا ہے، جہاں کرکٹ کا میدان تو سجے گا مگر روایتی رنگا رنگی اس بار نظر نہیں آئے گی۔









