ملتان سلطانز نے آنے والے پاکستان سپر لیگ کے سیزن سے قبل فاطمہ فرٹیلائزر کے ساتھ اپنی دیرینہ شراکت داری کی تجدید کا اعلان کیا ہے،جس کے تحت کمپنی کا لوگو ایک بار پھر ٹیم کی جرسی کے پچھلے حصے پر نمایاں ہوگا۔
ملتان سلطانز کا پی ایس ایل سیزن سے قبل فاطمہ فرٹیلائزر کے ساتھ شراکت داری کی تجدید کا اعلان
لاہور۔28مارچ (اے پی پی):ملتان سلطانز نے آنے والے پاکستان سپر لیگ کے سیزن سے قبل فاطمہ فرٹیلائزر کے ساتھ اپنی دیرینہ شراکت داری کی تجدید کا اعلان کیا ہے،جس کے تحت کمپنی کا لوگو ایک بار پھر ٹیم کی جرسی کے پچھلے حصے پر نمایاں ہوگا۔ یہ اعلان شائقین کے لیے خوشی کا باعث ہے کیونکہ دونوں اداروں کے درمیان تعلق نہ صرف تجارتی بلکہ ایک مضبوط تاریخی اور علاقائی رشتہ بھی رکھتا ہے۔یہ شراکت داری جنوبی پنجاب سے جڑے دو مضبوط اداروں کے درمیان گہرے تعلق کی عکاس ہے۔
فاطمہ فرٹیلائزر طویل عرصے سے ملتان سلطانز کی معاونت کرتی آ رہی ہے اور خطے کی زرعی اور معاشی ترقی میں اس کا کردار نمایاں ہے، جو ٹیم کے مقامی کھلاڑیوں کو آگے بڑھانے کے عزم سے ہم آہنگ ہے۔فاطمہ فرٹیلائزر کے شعبہ فروخت و تشہیر کے سربراہ رابل سدوزئی کا کہنا ہے کہ کرکٹ محنت اور ترقی کی اسی روح کی نمائندگی کرتی ہے جس پر ان کا ادارہ یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان سلطانز کے ساتھ آٹھویں سال میں داخل ہونے والی یہ شراکت داری باہمی اعتماد و مشترکہ ویژن کی علامت اور یہ تعلق صرف سرپرستی تک محدود نہیں بلکہ ملک بھر کے کروڑوں شائقین سے وابستگی کا اظہار بھی ہے۔
ملتان سلطانز کے سربراہ گوہر شاہ نے کہا کہ فاطمہ فرٹیلائزر ٹیم کی شناخت کا حصہ بن چکی اور اس کا دوبارہ جرسی پر آنا ایک خوش آئند واپسی ہے۔انہوں نے کہا کہ مضبوط و دوراندیش شراکت داروں کے بغیر کامیاب کھیلوں کی روایت قائم نہیں کی جا سکتی اوریہ اشتراک آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ جاری رہے گا۔









