نیویارک۔31مارچ (اے پی پی):یونیفائیڈ جونیئر مڈل ویٹ چیمپئن زینڈر زایاس اپنے ڈبلیو بی اے اور ڈبلیو بی او ٹائٹلز کا دفاع 27 جون کو جیرون اینس کے خلاف کریں گے۔ امریکی خبر رساں ادارے ای ایس پی این کے مطابق یہ بڑا مقابلہ بارکلیز سینٹر بروکلین میں منعقد ہوگا۔ یہ فائٹ سٹریمنگ پلیٹ فارم ڈازن پر پے پر ویو کے طور پر براہِ راست نشر کی جائے گی جبکہ اس …
زینڈر زایاس اور جیرون اینس کے درمیان ٹائٹل فائٹ 27 جون کو بروکلین میں ہوگی
نیویارک۔31مارچ (اے پی پی):یونیفائیڈ جونیئر مڈل ویٹ چیمپئن زینڈر زایاس اپنے ڈبلیو بی اے اور ڈبلیو بی او ٹائٹلز کا دفاع 27 جون کو جیرون اینس کے خلاف کریں گے۔ امریکی خبر رساں ادارے ای ایس پی این کے مطابق یہ بڑا مقابلہ بارکلیز سینٹر بروکلین میں منعقد ہوگا۔ یہ فائٹ سٹریمنگ پلیٹ فارم ڈازن پر پے پر ویو کے طور پر براہِ راست نشر کی جائے گی جبکہ اس کا انعقاد میچ روم باکسنگ اور ٹاپ رینک کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔ جیرون اینس اس سے قبل ورجل اورٹیز جونیئر کے خلاف فائٹ کے لئے مذاکرات کر رہے تھے، تاہم مالی معاملات اور پروموشنل تنازع کے باعث یہ مقابلہ ممکن نہ ہو سکا۔ بعد ازاں متبادل کے طور پر زایاس کے ساتھ فائٹ طے پا گئی۔
میچ روم باکسنگ کے چیئرمین ایڈی ہرن نے اس مقابلے کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فائٹ اینس کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کا بہترین موقع ہوگی، تاہم انہوں نے زایاس کو بھی ایک غیر معمولی باکسر قرار دیا۔28 سالہ جیرون اینس حال ہی میں نئے ویٹ کیٹیگری میں قدم رکھ چکے ہیں اور وہ دوسری کیٹیگری میں بھی عالمی ٹائٹل جیتنے کے خواہاں ہیں۔ دوسری جانب 23 سالہ زینڈر زایاس نے گزشتہ برس ڈبلیو بی او ٹائٹل جیتنے کے بعد رواں سال ڈبلیو بی اے ٹائٹل بھی اپنے نام کیا۔واضح رہے کہ زایاس امریکی گلوکار بیڈ بنی کی سپورٹس ایجنسی سے بھی وابستہ ہیں اور حال ہی میں ایک بڑے سپورٹس ایونٹ میں بھی مختصر شرکت کر چکے ہیں۔دونوں ناقابلِ شکست باکسرز کے درمیان یہ مقابلہ باکسنگ شائقین کے لئے سال کی بڑی فائٹس میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔









