ورلڈ ایتھلیٹکس کا بڑا فیصلہ، 2030 سے میراتھن کی اپنی عالمی چیمپئن شپ شروع کرنے کا اعلان

عالمی ایتھلیٹکس کے نگران ادارے ورلڈ ایتھلیٹکس نے اعلان کیا ہے کہ سال 2030 سے میراتھن دوڑ کے لئے ایک الگ اور خود مختار عالمی چیمپئن شپ کا آغاز کیا جائے گا۔

لندن۔8اپریل (اے پی پی):عالمی ایتھلیٹکس کے نگران ادارے ورلڈ ایتھلیٹکس نے اعلان کیا ہے کہ سال 2030 سے میراتھن دوڑ کے لئے ایک الگ اور خود مختار عالمی چیمپئن شپ کا آغاز کیا جائے گا۔ بی بی سی کے مطابق اس تاریخی ایونٹ کی پہلی میزبانی کے لئے یونان کے شہر ایتھنز کے نام پر غور کیا جا رہا ہے، جسے میراتھن کی جائے پیدائش مانا جاتا ہے۔نئی تجاویز کے مطابق میراتھن 2027 اور 2029 کی عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کا حصہ رہے گی، لیکن 2030 سے یہ ایک سالانہ مقابلے کی شکل اختیار کر لے گی۔ اس نئی چیمپئن شپ میں مردوں اور خواتین کے مقابلے باری باری ایک ایک سال کے وقفے سے منعقد کیے جائیں گے۔ ورلڈ ایتھلیٹکس کے سربراہ لارڈ سیبسٹین کو نے اس منصوبے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میراتھن ایک یادگار صنف ہے اور یہ قدم اسے ایک عالمی جشن کی شکل دینے کے لئے اٹھایا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ میراتھن روایتی طور پر بڑی عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کا حصہ رہی ہے، تاہم 2031 سے اسے مرکزی مقابلوں سے الگ کر دیا جائے گا۔ اگر لندن 2029 کی عالمی چیمپئن شپ کی میزبانی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے، تو یہ آخری موقع ہوگا جب میراتھن کسی بڑی چیمپئن شپ کے سائے میں لڑی جائے گی۔ اس کے بعد سے یہ دوڑ اپنے الگ مقام اور نئی پہچان کے ساتھ پوری دنیا میں منعقد ہوا کرے گی۔