جنوبی ایشیائی جوجٹسو چیمپئن شپ: پاکستان نے 22 میڈلز جیت کر دوسری پوزیشن حاصل کر لی

پاکستان نے سری لنکا کے شہر ڈگانا میں منعقدہ جنوبی ایشیائی جوجٹسو چیمپئن شپ 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔ قومی کھلاڑیوں نے 12 طلائی، 5 چاندی اور 5 کانسی کے تمغوں سمیت مجموعی طور پر 22 میڈلز جیت کر ملک کا نام روشن کیا

اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):پاکستان نے سری لنکا کے شہر ڈگانا میں منعقدہ جنوبی ایشیائی جوجٹسو چیمپئن شپ 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔ قومی کھلاڑیوں نے 12 طلائی، 5 چاندی اور 5 کانسی کے تمغوں سمیت مجموعی طور پر 22 میڈلز جیت کر ملک کا نام روشن کیا۔ تفصیلات کے مطابق چیمپئن شپ میں پاکستان کی سب سے نمایاں کارکردگی ڈیو (Duo) کیٹیگری میں رہی، جہاں قومی کھلاڑیوں نے ایڈلٹ، انڈر 18 اور انڈر 16 تمام مقابلوں میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے مجموعی طور پر پوڈیم پوزیشنز اپنے نام کر لیں۔

اس دوران فائنلز میں بھی پاکستانی جوڑیاں ایک دوسرے کے مدمقابل رہیں جبکہ دیگر ممالک براؤنز میڈلز کے لیے مقابلہ کرتے نظر آئے۔ ایڈلٹ ڈیو مقابلوں میں محمد علی راشد اور محمد یوسف علی نے ڈیو مین/کلاسک میں گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ علی راشد اور ڈاکٹر اسرا وسیم نے ڈیو مکسڈ میں سونے کا تمغہ جیتا۔ اسی طرح کائنات عارف اور اسرا وسیم نے ڈیو ویمن/شو میں سلور میڈل اپنے نام کیا جبکہ رشال خان اور عبداللہ نے ڈیو مکسڈ میں سلور میڈل حاصل کیا۔ شو سسٹم کیٹیگری میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی دکھائی، جس میں محمد یوسف علی اور عمر یاسین نے مین کیٹیگری میں گولڈ، کائنات عارف اور اسرا وسیم نے ویمن میں گولڈ، جبکہ محمد علی راشد اور اسرا وسیم نے مکسڈ کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیتا۔ نوجوان کھلاڑیوں نے بھی شاندار صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جن میں زنیرہ ذوالفقار اور سندس علی نے انڈر 16 میں گولڈ جبکہ محمد عبداللہ علی اور سندس علی نے انڈر 18 میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔

اسی کیٹیگری میں عباد الرحمان اور محمد عبداللہ علی نے سلور میڈل جیتا۔ دیگر مقابلوں میں محمد علی راشد نے 62 کلوگرام میں گولڈ، عبداللہ نے 77 کلوگرام میں گولڈ، کائنات عارف نے 57 کلوگرام میں گولڈ جبکہ رشال خان نے سلور اور براؤنز میڈل حاصل کیا۔ زنیرہ ذوالفقار نے انڈر 16 -44 کلوگرام میں کانسی کا تمغہ جیتا۔ پاکستان جوجٹسو فیڈریشن کے بانی صدر خلیل احمد خان نے اس کارکردگی کو عالمی سطح پر پاکستان کا واضح پیغام قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام ڈیو کیٹیگریز میں گولڈ اور سلور جیتنا غیر معمولی کامیابی ہے۔ جنرل سیکرٹری طارق علی نے کہا کہ پاکستان اس وقت جنوبی ایشیا میں جوجٹسو پر مکمل برتری حاصل کر چکا ہے۔ گولڈ میڈلسٹ ڈاکٹر اسرا وسیم نے کہا کہ اپنی ہی ٹیم کے خلاف مقابلہ جذباتی تھا لیکن یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے پاس عالمی معیار کی مضبوط ٹیم موجود ہے۔ فیڈریشن نے کھلاڑیوں کے لیے صدارتی ایوارڈ برائے نمایاں کارکردگی کی نامزدگی اور نقد انعامات کا بھی اعلان کیا ہے جبکہ آئندہ ایشیائی اور عالمی چیمپئن شپ کی تیاریوں کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔