ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن11 میں26 میچز مکمل ہونے کے بعد پوائنٹس ٹیبل انتہائی دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکی ہے،جہاں پلے آف مرحلے کی دوڑ مزید سنسنی خیز بنتی جا رہی ہے۔
پشاور زلمی نے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا

مزید خبریں
لاہور۔18اپریل (اے پی پی):ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن11 میں26 میچز مکمل ہونے کے بعد پوائنٹس ٹیبل انتہائی دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکی ہے،جہاں پلے آف مرحلے کی دوڑ مزید سنسنی خیز بنتی جا رہی ہے۔ناقابلِ شکست کارکردگی دکھاتے ہوئے پشاور زلمی نے سات میچز میں13 پوائنٹس حاصل کر کے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔دوسری جانب راولپنڈیز کی ٹیم چھ میچز میں مسلسل شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکی ہے اور پلے آف کی دوڑ سے مکمل طور پر خارج ہو گئی ہے۔
پلے آف کی باقی تین نشستوں کیلئے چھ ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ جاری ہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ سات میچز میں9 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ ملتان سلطانز چھ میچز میں 8 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر مضبوط پوزیشن میں ہے۔مزید برآں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز،حیدرآباد کنگز مین اور کراچی کنگز چھ،چھ پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب چوتھے، پانچویں اور چھٹے نمبر پر موجود ہیں اور پلے آف کی دوڑ میں شامل ہیں۔دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کیلئے صورتحال قدرے مشکل ہے،جو چھ میچز میں صرف چار پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر موجود ہے۔لاہور قلندرز کو پلے آف تک رسائی کے لیے اپنے باقی تمام میچز جیتنے کا کڑا چیلنج درپیش ہے۔
آج کے اہم مقابلے میں لاہور قلندرز کا سامنا راولپنڈیز سے ہوگا،جہاں مسلسل تین شکستوں کے بعد قلندرز کے لیے فتح نہایت ضروری ہو چکی ہے۔ٹورنامنٹ کا پلے آف مرحلہ28 اپریل سے شروع ہوگا جبکہ باقی ماندہ14 لیگ میچز پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال کو مزید ڈرامائی اور دلچسپ بنانے کے لیے تیار ہیں۔








