وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیرخواتین ونگ کے زیر اہتمام "ممبر شپ کمپین” کا آغاز کر دیا

وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں کشمیر خواتین ونگ کے زیر اہتمام ’’ممبر شپ کمپین‘‘ کا مظفرآباد سے باقاعدہ آغاز کر دیا۔

مظفر آباد۔ 22 اپریل (اے پی پی):وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں کشمیر خواتین ونگ کے زیر اہتمام ’’ممبر شپ کمپین‘‘ کا مظفرآباد سے باقاعدہ آغاز کر دیا۔ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر خواتین ونگ محترمہ شاہین کوثر ڈار، چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد اور قائمقام صدر ریاست جوہدری لطیف اکبر کی اہلیہ کے ہمراہ پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی ممبرشپ فارم فل کر کے ممبر شپ کا آغاز کیا۔ اس موقع پر وزراء حکومت سردار جاوید ایوب، سردارضیاء القمر اور جنرل سیکرٹری خواتین ونگ آزاد کشمیر محترمہ شگفتہ نورین کاظمی سمیت پاکستان پیپلزپارٹی خواتین ونگ کی عہدیداران بھی موجود تھیں۔ پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی ممبرشپ کمپین کے آغاز پر سینٹرل پریس کلب مظفرآباد میں ایک کنونشن کا انعقاد بھی کیا گیا تھا۔ کنونشن آمد پر وزیراعظم آزادکشمیر کا صدر پیپلز پارٹی خواتین ونگ محترمہ شاہین کوثر ڈار، سیکرٹری جنرل شگفتہ نورین کاظمی، نائب صدور فوزیہ حبیب، میمونہ حبیب جرال ویگر نے استقبال کیا۔ وزیر اعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے پیپلز پارٹی خواتین ممبر شپ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہیدوں اور غازیوں کی جماعت ہے جس کی قیادت نے اپنے ملک کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کئے اور ذاتی مفاد پر قومی مفاد کو ہمیشہ فوقیت دی۔ شریک چئیرمین صدر پاکستان آصف علی زرداری نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت پر ملکی مفاد میں ’’پاکستان کھپے‘‘ کا نعرہ لگا کر مملکت خداداد کو بڑے بحران سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا، اسی جذبے اور لگن کے ساتھ ہم نے آزاد کشمیر میں افراتفری کی صورتحال میں ریاستی نظام کی بھاگ دوڑ سنبھالی اوربرادری اور ہر قسم کے جغرافیائی تعصب سے بالا تر ہو کر سیاسی نظام بحال کیا ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے خواتین کو جو مقام دیا ہے وہ کسی اور پارٹی نے کبھی نہ دیا ہے اور نہ ہی دے سکتی ہے۔ مسلم امہ کی پہلی خاتون وزیراعظم کا اعزاز بھی شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی صورت میں پاکستان پیپلز پارٹی کا کارنامہ ہے۔ خواتین ممبرشپ کیمپین وقت کی ضرورت تھی جس کا آغاز مظفرآباد سے ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر خواتین ونگ شاہین کوثر ڈار اور ان کی ٹیم کو بہترین پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد دیتا ہوں۔خواتین ونگ پورے آزاد کشمیر میں پارٹی پیغام لے جا کر خواتین کو گراس روٹ لیول پر منظم کرے اور پارٹی کا منشور گھر گھر تک پہنچائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کو سنبھال کر یہ ثابت کر دیا کہ صرف پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ جماعت ہے جو ملک کو کسی بھی بحران سے نکال سکتی ہے۔ ہم نے عوام کیلئے وزیراعظم ہاؤس کے دروازے کھولے اورسٹیٹس کو کو توڑکر عوامی راج قائم کیا۔اوورسیز کشمیریز کا اعتماد بحال کیا اور انکے مسائل کے حل کیلئے پورٹل قائم کیا، جموں وکشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات پورے کئے۔انہوں نےکہا کہ زراعت کے فروغ اور کسانوں کی سہولت کیلئےزرعی کانفرنس کے ذریعے زراعت کی ترقی کیلئے کام کر رہے ہیں، وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ جب تک اختیار ہے آخری لمحے تک عوام کی فلاح و بہبود کیلئے نظر آئے گا۔ آزاد کشمیر میں الیکشن وقت پر ہوں گے اور پاکستان پیپلز پارٹی کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ حکومت بنائے گی۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے صرف حکومت نہیں بنائی بلکہ اپنی پارٹی کو بھی مضبوط کیا ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ سالڈ ویسٹ منجمنٹ پراجیکٹ کے ذریعے دارالحکومت مظفرآباد کے صفائی ستھرائی کے مسائل کو حل کرنے کا آغاز کر دیا۔ ہم نے مختصر وقت میں ریاست کو بچانے کی کوشش کی اور الحمدللہ اس میں کامیاب ہو گئے ہیں، لوگوں کا سیاسی نظام پر اعتماد بحال ہوا ہے۔ اللہ تعالی ہمیں عوامی امنگوں پر پورا اترتے ہوئے عوام کیلئے ڈیلیور کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے پاکستان کو جو مقام عطا کیا اس پر پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہوا ہے۔ دنیا میں قیام امن یقینی بنانے کیلیے مصالحانہ اور قائدانہ کردار ادا کرنے پر صدر پاکستان آصف علی زرداری ،وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ پاکستان پیپلز پارٹی معاشرے کی ترقی کیلئے خواتین کے کردار کو حقیقت سمجھتی ہے۔ اس موقع پر چئیرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام و صدر پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ خیبر پختونخواسینیٹر روبینہ خالد نے وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور، بیگم لطیف اکبر اور صدر خواتین ونگ آزاد کشمیر محترمہ شاہین کوثر ڈار و دیگر خواتین عہدیداران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب نظریہ بھٹو کے چاہنے اور ماننے والے ہیں اور وقت نے ثابت کیا ہے کہ اس وقت جو پاکستان کا وقار دنیا میں بلند ہوا ہے اس میں شہید ذوالفقار بھٹو، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کیلئے جو کردار ادا کیا آج اسی کی بدولت ہمارے سر فخر سے بلند ہوئے ہیں، پاکستان کا مقدمہ پوری دنیا میں لے کر جانے والا بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو کا نواسا ہے۔آج آپ نے پاکستان پیپلزپارٹی کا پیغام گھر گھر لے کر جانا ہے، آپ بہت خوش نصیب ہیں کہ آپ کو فیصل ممتاز راٹھور کی صورت میں نوجوان وزیراعظم دستیاب ہے آپ سب نے ان کا ساتھ دینا ہے اور پاکستان پیپلزپارٹی کو آزاد کشمیر میں دوبارہ کامیاب بنانا ہے۔ صدر تقریب و پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر خواتین ونگ کی صدر شاہین کوثر ڈار نے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، صدر خواتین ونگ خیبر پختونخواہ، چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام/سینیٹر روبینہ خالد، بیگم لطیف اکبر و دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج کا کنونشن "مقبوضہ جموں وکشمیر کی خواتین کے نام ہے” جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر تحریک آزادی کشمیر کو جلا بخشی۔بھارت کی جانب سے کشمیری خواتین کو جعلی مقدمات کے ذریعے دی جانے والی سزا کی شدید مذمت کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ فریال تالپور کے ہدایات کے مطابق پیپلز پارٹی کی ممبرشپ مہم کا آغاز کر رہے ہیں انشاءاللہ پاکستان پیپلز پارٹی کارکردگی کی بنیاد پر آزاد کشمیر میں انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے دوبارہ حکومت بنائے گی۔ بھمبر سے لے کر تاوبٹ تک ہر گھر میں جاکر خواتین ونگ کو منظم کریں گے۔ انہوں نے صدر پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختونخواہ خواتین ونگ چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام/ سینیٹر روبینہ خالد سےبے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ازسر نو سروے کا مطالبہ کیا۔ صدر خواتین ونگ نے ممبرشپ کنونشن میں شریک خواتین عہدیداران اور کارکنان کا بھی شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔