امریکا کو اسلحہ اخراجات اور دفاعی ذخائر میں مشکل فیصلوں کا سامنا ہے، نیو یار ک ٹائمزکی رپورٹ

امریکی دفاعی نظام میں اسلحہ اور میزائلوں کی کمی کے باعث امریکا کو اپنی فوجی ترجیحات کے حوالے سے مشکل فیصلوں کا سامنا ہے۔امریکی اخبار دی نیو یار ک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث امریکی دفاعی ذخائر میں کمی آئی ہے، جس سے خاص طور پر فضائی دفاعی نظام متاثر ہوا ہے۔

نیویارک ۔24اپریل (اے پی پی):امریکی دفاعی نظام میں اسلحہ اور میزائلوں کی کمی کے باعث امریکا کو اپنی فوجی ترجیحات کے حوالے سے مشکل فیصلوں کا سامنا ہے۔امریکی اخبار دی نیو یار ک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث امریکی دفاعی ذخائر میں کمی آئی ہے، جس سے خاص طور پر فضائی دفاعی نظام متاثر ہوا ہے۔رپورٹ میں دفاعی ماہرمارک ایف کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ امریکا کے پاس اگرچہ مجموعی طور پر اسلحہ موجود ہے، تاہم کچھ اہم زمینی حملوں اور میزائل دفاعی ہتھیاروں کی کمی پہلے ہی تھی، جو اب مزید بڑھ گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق اس کمی کا براہِ راست اثر ایشیا میں امریکی افواج کی جنگی تیاری پر بھی پڑ سکتا ہے، جہاں ممکنہ تنازعات کے تناظر میں دفاعی صلاحیتوں کو برقرار رکھنا اہم سمجھا جاتا ہے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ امریکا نے حالیہ تنازع میں بڑی تعداد میں جدید میزائل استعمال کیے، جن میں ٹوماہاک میزائل بھی شامل ہیں، جبکہ تھاڈ میزائل دفاعی نظام اور پیٹریاٹ میزائل سسٹم کے ہزاروں انٹرسیپٹر میزائل بھی استعمال کیے گئے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال امریکا کے لیے سٹریٹجک سطح پر ایک بڑا چیلنج بن سکتی ہے، کیونکہ اسے بیک وقت مختلف خطوں میں اپنی دفاعی موجودگی برقرار رکھنی ہے۔