پینٹاگون کا جرمنی سے 5 ہزار امریکی فوجیوں کے انخلا کا منصوبہ
پینٹاگون کا جرمنی سے 5 ہزار امریکی فوجیوں کے انخلا کا منصوبہ
واشنگٹن۔2مئی (اے پی پی):امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) جرمنی سے تقریباً 5,000 امریکی فوجیوں کے انخلا پر غور کر رہا ہے ،جس کی ایک سینئر دفاعی عہدیدار نے تصدیق کی ہے۔شنہوا کے مطابق اس فیصلے کے پس منظر میں جرمن چانسلر فریڈرک مرز کے حالیہ بیانات ہیں، جنہیں امریکی حکام نے "نامناسب اور غیر مددگار” قرار دیا۔
مرز نے حال ہی میں ایران کے خلاف امریکی فوجی حکمت عملی کو "بے منصوبہ” قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ ایرانی قیادت کے ہاتھوں "سبکدوش” ہو رہا ہے۔اس کے جواب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جرمن رہنما پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ "حقائق سے ناواقف” ہیں اور ایران کے جوہری عزائم کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے۔ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ جرمنی میں امریکی فوجی موجودگی میں کمی کا فیصلہ جلد کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی عندیہ دیا کہ اسپین اور اٹلی میں بھی امریکی فوجیوں کی تعداد کم کی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب جرمن وزیر خارجہ یوہان واڈیفُل نے کہا ہے کہ جرمنی ممکنہ امریکی فوجی کمی کے لیے تیار ہے۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال کے اختتام تک جرمنی میں 36,000 سے زائد امریکی فوجی تعینات تھے، جن کے ساتھ تقریباً 1,500 ریزرو اہلکار اور 11,500 سویلین عملہ بھی موجود ہے۔ جرمنی میں امریکی یورپی کمانڈ اور افریقی کمانڈ کے ہیڈکوارٹرز بھی قائم ہیں، جبکہ رامشٹائن ایئر بیس امریکی فوجی آپریشنز کے لیے ایک اہم مرکز سمجھا جاتا ہے۔









