ایران کی آبنائے ہرمز میں جنوبی کوریائی جہاز پر حملے کی تردید

ایران کی آبنائے ہرمز میں جنوبی کوریائی جہاز پر حملے کی تردید

سیئول۔7مئی (اے پی پی):ایران نےرواں ہفتے آبنائے ہرمز میں جنوبی کوریا کے بحری جہاز پر حملے کی تردید کی ہے۔ اردو نیوز کے مطابق جنوبی کوریا میں ایرانی سفارتخانے نے بیان میں کہا ہے کہ ایران مسلح افواج کی آبنائے ہرمز میں کوریائی جہاز کو نقصان پہنچانے والے واقعے میں کسی بھی قسم کی شمولیت کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ جب امریکا نے آبنائے کو کھولنے کے لیے اپنا آپریشن شروع کیا تو ایران نے ایک کوریائی جہاز اور دیگر اہداف پر فائرنگ کی۔ پاناما میں رجسٹرڈ کارگو جہاز، جسے جنوبی کوریائی شپنگ کمپنی ایچ ایم ایم چلا رہی تھی، خالی اور لنگر انداز تھا جب دھماکہ ہوا اور آگ بھڑکی۔

کوریائی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور آگ بجھا دی گئی۔ جہاز کو پہنچنے والے نقصان کے جائزے اور مرمت کے لیے قریبی بندرگاہ پر کھینچ کر لے جایا جائے گا۔ جنوبی کوریائی شپنگ کمپنی ایچ ایم ایم کے ترجمان نے کہا کہ 24 رکنی عملہ 35 ہزار ٹن جنرل کارگو جہاز پر موجود رہا۔