جوہری ہتھیاروں سے متعلق کسی معاہدے کے پابند نہیں ، شمالی کوریا

جوہری ہتھیاروں سے متعلق کسی معاہدے کے پابند نہیں ، شمالی کوریا

اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):شمالی کوریا نے اعلان کیا ہے کہ وہ جوہری ہتھیاروں سے متعلق کسی معاہدے کا پابند نہیں ہوگا اور کسی بیرونی دباؤ سے اس کی جوہری ہتھیار رکھنے والی ریاست کی حیثیت تبدیل نہیں ہوگی۔

اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کے ایلچی کِم سونگ کی طرف سے ایک ایسے وقت جاری کیا گیا ہے جب امریکا اور دیگر ممالک نے جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (NPT) کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اقوام متحدہ کی کانفرنس میں شمالی کوریا کے جوہری پروگرام پر تنقید کی۔

شمالی کوریا نے 2003 میں این پی ٹی سے علیحدگی اختیار کر لی تھی اور اس کے بعد سے اس نے 6 جوہری تجربات کیے ہیں۔خیال کیا جاتا ہے کہ شمالی کوریاکے پاس درجنوں جوہری وار ہیڈز ہیں۔

کِم سونگ نے کہا کہ اس وقت اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں جاری 11ویں این پی ٹی جائزہ کانفرنس میں، امریکا اور کچھ دیگرممالک شمالی کوریا کی موجودہ جوہری حیثیت اور خود مختاری کے حقوق پر سوال اٹھا رہے ہیں لیکن شمالی کوریا کی یہ حیثیت بیرونی بیان بازی یا یکطرفہ خواہشات کی بنیاد پر تبدیل نہیں ہوگی۔

انہوں نے واضح کیا کہ شمالی کوریا کسی بھی صورت میں جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے کا پابند نہیں ہوگا کیونکہ شمالی کوریا کی اس حیثیت کو ملکی آئیں میں شامل کر دیا گیا ہے۔