تھائی لینڈ کی مال بردار فضائی کمپنی کےمائل ایئر کا زاید بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کارگو پروازوں کا آغاز
تھائی لینڈ کی مال بردار فضائی کمپنی کےمائل ایئر کا زاید بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کارگو پروازوں کا آغاز
ابوظہبی۔8مئی (اے پی پی):ابوظہبی ایئرپورٹس نے اعلان کیا ہے کہ تھائی لینڈ کی مال بردار فضائی کمپنی کےمائل ایئر نے زاید بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اپنی کارگو پروازوں کا آغاز کر دیا ہے۔ اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق فضائی کمپنی ہفتے میں پانچ پروازیں بوئنگ 767 مال بردار طیارے کے ذریعے چیانگ مائی بین الاقوامی ہوائی اڈے اور مے فاہ لوانگ چیانگ رائے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے لیے چلائے گی جس کے ذریعے ابوظہبی اور شمالی تھائی لینڈ کے درمیان براہِ راست فضائی مال برداری رابطے قائم ہو گئے ہیں۔ اس کے ساتھ زاید بین الاقوامی ہوائی اڈے کے عالمی کارگو نیٹ ورک میں توسیع ہو کر 36 مقامات تک پہنچ گئی ہے۔کے مائل ایئر کی خدمات ایسے وقت میں شروع ہوئی ہیں جب زاید بین الاقوامی ہوائی اڈے پر مال برداری کے شعبے میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
27 اپریل سے 3 مئی تک کے سات روزہ اعداد و شمار کے مطابق یومیہ کارگو ٹریفک سال کے آغاز میں 1,878 ٹن سے بڑھ کر 2,216 ٹن ہو گیا جو مجموعی طور پر 18 فیصد اضافہ ہے۔اعداد و شمار کے مطابق مال بردار طیاروں کے ذریعے سامان کی ترسیل میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جو بنیادی سطح پر 389 ٹن یومیہ سے بڑھ کر 851 ٹن یومیہ تک پہنچ گئی یعنی 119 فیصد اضافہ ہوا۔ اس وقت کل کارگو سرگرمیوں میں مال بردار طیاروں کا حصہ 38 فیصد ہو گیا ہے جو بنیادی سطح کے مقابلے میں 21 فیصد زیادہ ہے، یومیہ مال بردار پروازوں میں 42 فیصد اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا۔ابوظہبی ایئرپورٹس کے چیف ایگزیکٹو افسر احمد جمعہ الشمیسی نے کہا کہ ادارے کی ٹیمیں ابوظہبی کے ذریعے سامان کی روانی برقرار رکھنے اور زاید بین الاقوامی ہوائی اڈے کے عالمی دائرہ کار کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، العین بین الاقوامی ہوائی اڈہ بھی تیزی سے اہم علاقائی لاجسٹک مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی حالات میں تبدیلیوں کے باوجود مال بردار کارگو کی مقدار دگنی سے زیادہ ہو چکی ہے جو بڑھتی طلب کو پورا کرنے کے لیے آپریشنل تیاری اور صلاحیت کا مظہر ہے۔ابوظہبی ایئرپورٹس کے مطابق اس کے کارگو نیٹ ورک میں مسلسل توسیع ہو رہی ہے اور اب یہ 36 مختلف عالمی مقامات تک خدمات فراہم کر رہا ہے، نئے آپریٹرز کی شمولیت نے ابوظہبی کو عالمی لاجسٹک اداروں کے لیے ایک ترجیحی مرکز کے طور پر مزید مضبوط کیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 2026 کی پہلی سہ ماہی میں ابوظہبی ایئرپورٹس نیٹ ورک کے ذریعے مجموعی کارگو حجم میں سالانہ بنیاد پر 4.2 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 171,794 ٹن تک پہنچ گیا جبکہ زاید بین الاقوامی ہوائی اڈے پر مخصوص مال بردار کارگو 11.4 فیصد اضافے کے ساتھ 58,128 ٹن ریکارڈ کیا گیا۔العین بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کارگو سرگرمیوں میں مزید تیزی دیکھی گئی جہاں مال برداری کا حجم سالانہ بنیاد پر 45.9 فیصد بڑھ گیا جو اس ہوائی اڈے کی بڑھتی لاجسٹک اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔رپورٹ کے مطابق 2026 کی پہلی سہ ماہی کے دوران ابوظہبی ایئرپورٹس نیٹ ورک میں آٹھ نئی فضائی کمپنیوں کا اضافہ ہوا جس کے بعد اب مجموعی طور پر 36 فضائی کمپنیاں ابوظہبی سے 127 مقامات کے لیے خدمات فراہم کر رہی ہیں۔









