نیدرلینڈزکی سائیکلسٹ اینا وین ڈیر بریگن نے ویمنز گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کا چوتھا مرحلہ جیت لیا،گلابی جرسی بھی حاصل کر لی

نیدرلینڈز کی سائیکلسٹ اینا وین ڈیر بریگن نے ویمنز گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کے چوتھے مرحلے میں 12.7 کلومیٹر کا انفرادی ٹائم ٹرائل جیت کر ریس کی مجموعی برتری اور گلابی جرسی حاصل کر لی ہے۔

روم۔3جون (اے پی پی):نیدرلینڈز کی سائیکلسٹ اینا وین ڈیر بریگن نے ویمنز گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کے چوتھے مرحلے میں 12.7 کلومیٹر کا انفرادی ٹائم ٹرائل جیت کر ریس کی مجموعی برتری اور گلابی جرسی حاصل کر لی ہے۔ بی بی سی کے مطابق ویمنز گیرو ڈی اٹالیہ کا37 واں ایڈیشن شروع ہوچکا ہے جس میں ویمنز سائیکلنگ کی دنیا کی نامور سائیکل سوار ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔ ویمنز گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کے چوتھے مرحلے میں سائیکل سواروں نے بیلونو سے نیوگل تک کا فاصلہ طے کرنا تھا جو 12.7کلومیٹر پر محیط تھا۔ 4 مرتبہ کی گیرو چیمپئن نیدرلینڈز کی سائیکلسٹ اینا وین ڈیر بریگن نے چوتھا مرحلہ 31 منٹ اور 38 سیکنڈز میں طے کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ ورلڈ ٹائم ٹرائل چیمپئن سوئٹزرلینڈ کی سائیکلسٹ مارلین ریوسر 1 منٹ اور 4 سیکنڈز کے فرق کے ساتھ دوسرے اور نیدرلینڈز کی ہی سائیکل سوار ڈیمی وولرنگ مزید 6 سیکنڈز پیچھے رہ کر تیسرے نمبر پر رہیں۔

اس کامیابی کے بعد اینا وین ڈیر بریگن کو مجموعی درجہ بندی میں مارلین ریوسر پر 1 منٹ اور 4 سیکنڈز کی برتری حاصل ہو گئی ہے جبکہ ریس میں ابھی 5 مراحل باقی ہیں۔ اینا وین ڈیر بریگن، جو فیبیانا لوپرینی کی ریکارڈ 5 فتوحات کی برابری کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، کا کہنا تھا کہ یہ کارکردگی ان کے لئے سرپرائز ہے اور آنے والے دنوں میں پہاڑی راستوں اور بارش کی پیشگوئی کے باعث اس جرسی کا دفاع کرنا آسان نہیں ہوگا۔ویمنز گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس 9 مرحلوں پر محیط ہے جس میں سائیکل سوار 1153.7 کلو میٹر کا سفر طے کریں گی ۔ ویمنز گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس میں 21 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں ۔ ویمنزگیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس 30مئی سے شروع ہوکر 7جون کو سالزو، اٹلی میں اختتام پذیر ہوگی۔