آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں کئی خطرناک بولرز میدان میں جلوہ گر ہوں گی جو بیٹرز کیلئے دردِ سر بن سکتی ہیں، آئی سی سی ترجمان

کرکٹ کی دنیا میں بڑے چھکے اور شاندار سنچریاں ہمیشہ سرخیوں میں رہتی ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ عالمی ٹورنامنٹس کا فیصلہ اکثر وہ بولرز کرتے ہیں جو دبا وکے لمحات میں حریف بیٹنگ لائن اپ کو تہس نہس کر دیتے ہیں۔

لاہور۔3جون (اے پی پی):کرکٹ کی دنیا میں بڑے چھکے اور شاندار سنچریاں ہمیشہ سرخیوں میں رہتی ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ عالمی ٹورنامنٹس کا فیصلہ اکثر وہ بولرز کرتے ہیں جو دبا وکے لمحات میں حریف بیٹنگ لائن اپ کو تہس نہس کر دیتے ہیں۔آئی سی سی ترجمان کے مطابق 12 جون سے شروع ہونے والے آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں بھی کئی ایسی خطرناک بولرز میدان میں جلوہ گر ہوں گی جن کی رفتار، سپن اور مہارت بیٹرز کے لیے دردِ سر بن سکتی ہے۔ انگلینڈ اور ویلز میں منعقد ہونے والے اس میگا ایونٹ سے قبل دنیا بھر کے کرکٹ ماہرین ان بولرز پر خصوصی نظر رکھے ہوئے ہیں جو اپنی ٹیموں کو عالمی چیمپئن بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کی اینابیل سدرلینڈ حالیہ برسوں میں محدود اوورز کی کرکٹ کی موثر ترین بولرز میں شامل رہی ہیں۔

گزشتہ ورلڈ کپ کے بعد وہ آسٹریلیا کی جانب سے سب سے زیادہ 15 وکٹیں حاصل کر چکی ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف چار رنز دے کر چار وکٹیں ان کے کیریئر کی بہترین کارکردگی تصور کی جاتی ہے۔بنگلہ دیش کی نوجوان لیگ سپنر رابعہ خان نے ورلڈ کپ کوالیفائر میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیااور اب ان سے عالمی سطح پر بھی عمدہ کارکردگی کی توقع کی جا رہی ہے۔میزبان انگلینڈ کی چارلی ڈین نہ صرف ٹیم کی نائب کپتان ہیں بلکہ سپن بولنگ میں بھی مستقل مزاجی کی علامت بن چکی ہیں۔ آئرلینڈ کی آرلین کیلی نے کوالیفائر مرحلے میں 13 وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کو عالمی کپ میں جگہ دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔نیدرلینڈز کی آئرس زولنگ بھی خصوصی توجہ کا مرکز ہوں گی۔ نیوزی لینڈ کی کپتان ایمیلیا کیر کو موجودہ دور کی مکمل آل راونڈرز میں شمار کیا جاتا ہے۔

پاکستان کی سعدیہ اقبال اس وقت خواتین ٹی20 انٹرنیشنل کی نمبر ون بولر ہیں۔سکاٹ لینڈ کی کپتان کیتھرین برائس بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی سمجھی جاتی ہیں۔جنوبی افریقہ کی لیجنڈری فاسٹ بولر شبنم اسماعیل کی واپسی نے ٹورنامنٹ کی رونق بڑھا دی ہے۔سری لنکا کی کویشا دلہاری نے سینئر بولرز کی عدم موجودگی میں ذمہ داری سنبھالتے ہوئے خود کو ٹیم کی اہم ترین بولر ثابت کیا ہے۔ ویسٹ انڈیز کی تجربہ کار آفی فلیچر 39 برس کی عمر میں بھی عالمی سطح پر اپنی ڈھاک بٹھائے ہوئے ہیں۔ 100 سے زائد ٹی20 انٹرنیشنل وکٹیں حاصل کرنے والی لیگ سپنر کا وسیع تجربہ ویسٹ انڈیز کے لیے قیمتی اثاثہ ثابت ہو سکتا ہے۔عالمی کپ کے آغاز میں اب زیادہ وقت باقی نہیں اور شائقین کی نظریں صرف رنز بنانے والی بیٹرز پر نہیں بلکہ ان بولرز پر بھی مرکوز ہوں گی جو اپنی جادوئی گیندوں سے میچوں کا رخ پلٹنے اور اپنی ٹیموں کو عالمی تاج دلانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔