وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے ورلڈ بینک گروپ کی نائب صدر برائے پیپلز وائس ممتا مورتی نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے ورلڈ بینک گروپ کی نائب صدر برائے پیپلز وائس ممتا مورتی کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے ورلڈ بینک گروپ کی نائب صدر برائے پیپلز وائس ممتا مورتی نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ وفد میں ورلڈ بینک کے سینئر حکام، پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر، علاقائی نمائندگان اور صحت کے شعبے کے ماہرین شامل تھے۔
ملاقات میں پاکستان کے صحت کے نظام کو درپیش چیلنجز، ان کے مؤثر حل، بنیادی صحت کی سہولیات، ماں اور بچے کی صحت کے فروغ، غذائی کمی اور بچوں میں نشوونما کی رکاوٹ (اسٹنٹنگ) پر قابو پانے کے لیے جاری اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ورلڈ بینک کے تعاون سے صحت کے شعبے میں جاری مختلف پروگراموں کا بھی جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے وفد کو صحت کے شعبے میں درپیش چیلنجز، حکومت کے جاری اقدامات اور مستقبل کی ترجیحات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان موجودہ ہیلتھ کیئر سسٹم کو حقیقی معنوں میں ایک مؤثر اور عوام دوست نظامِ صحت میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرائمری ہیلتھ کیئر نظام کو ٹیلی میڈیسن کے ذریعے مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ دور دراز علاقوں میں بھی معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بڑے ہسپتالوں پر دباؤ کم کرنے کے لیے ایک مؤثر ریفرل سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح لوگوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنا ہے اور اسی مقصد کے تحت احتیاطی صحت کے اقدامات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ 2030 سے قبل پاکستان میں مقامی سطح پر ویکسین کی پیداوار ناگزیر ہے اور اس حوالے سے اہم پیش رفت ہو چکی ہے۔وفاقی وزیر صحت نے بتایا کہ تیرہ مختلف بیماریوں کی ویکسین کی مقامی تیاری کے لیے انڈونیشیا کے ساتھ معاہدوں پر پیش رفت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک جامع قومی ویکسین پالیسی تشکیل دی گئی ہے، جو ملک میں ویکسین کی تیاری اور دستیابی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔ورلڈ بینک کے وفد نے وفاقی وزیر صحت کے وژن اور صحت کے شعبے میں جاری اصلاحاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے پاکستان کے صحت کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔اس موقع پر ممتا مورتی نے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کو دسمبر 2026 میں منعقد ہونے والے یونیورسل ہیلتھ کوریج فورم میں شرکت کی دعوت بھی دی۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک پاکستان کے صحت کے نظام کو مضبوط بنانے، بنیادی صحت کی سہولیات کے فروغ اور عوامی صحت کے شعبے میں تعاون جاری رکھے گا۔








