ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر)سرمد سلیم اکرم کی زیر صدارت جنگلات کو لگنے والی آگ کی روک تھام، پیشگی تیاریوں اور ہنگامی ردعمل کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کی زیر صدارت جنگلات کو لگنے والی آگ سے بچاؤ کے اقدامات کے حوالے سے اجلاس

مزید خبریں
ایبٹ آباد۔ 03 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر)سرمد سلیم اکرم کی زیر صدارت جنگلات کو لگنے والی آگ کی روک تھام، پیشگی تیاریوں اور ہنگامی ردعمل کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں محکمہ جنگلات، محکمہ جنگلی حیات، ریسکیو 1122، پولیس، محکمہ صحت، تحصیل انتظامیہ، ٹی ایم ایز، گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں جنگلات کو لگنے والی آگ کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر، ادارہ جاتی تعاون اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ریزرو فاریسٹ، گزارا فاریسٹ اور نجی جنگلات میں مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے اور آگ سے بچاؤ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جنگلات میں فائر لائنز قائم کی جائیں اور ان کی باقاعدہ صفائی اور دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے تاکہ آگ کے پھیلاؤ کو مؤثر انداز میں روکا جا سکے۔ مزید برآں جنگلات کو لگنے والی آگ کی روک تھام اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی اور تحصیل سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ ریپڈ رسپانس ٹیموں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں مسلسل نگرانی کریں اور کسی بھی واقعے کی صورت میں فوری کارروائی کو یقینی بنائیں۔اجلاس میں پانی کے ممکنہ ذخائر اور ذرائع کی پیشگی نشاندہی، فائر بریگیڈ گاڑیوں اور آگ بجھانے کے آلات کو ہر وقت فعال اور تیار رکھنے، اور متعلقہ اداروں کے مابین رابطے کے مؤثر نظام کو یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ آگ سے بچاؤ اور ہنگامی ردعمل کی استعداد کار کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ مشقوں کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر سرمد سلیم اکرم نے ہدایت کی کہ جنگلات میں آگ لگانے یا آگ لگنے کا سبب بننے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ایبٹ آباد میں دفعہ 144 پہلے ہی نافذ ہے جس کے تحت جنگلات میں کیمپ فائر جلانے، خشک گھاس اور جھاڑیوں کو آگ لگانے، اور جلتی ہوئی سگریٹ یا دیگر آتش گیر اشیاء پھینکنے پر پابندی عائد ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔اجلاس میں عوامی آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے سوشل، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے وسیع پیمانے پر تشہیری مہم چلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ عوام کو جنگلات کے تحفظ اور آگ سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جنگلات قومی اثاثہ ہیں اور ان کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جنگلات میں آگ لگنے یا کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع ضلعی کنٹرول روم نمبر09929310553 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی کے ذریعے قیمتی جنگلات، جنگلی حیات اور ماحولیات کو نقصان سے بچایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ جنگلات کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ ان کے انسانوں، جانوروں کی زندگیوں اور ماحولیات پر بہت مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں لہذا جنگلات کی حفاظت، انہیں آگ لگنے سے بچانے اور زیادہ سے زیادہ درخت لگانے میں ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔








