برسلز میں پاکستان کے سفارت خانہ نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے اور پاکستان و بیلجیم کے درمیان دوستی، تعاون اور باہمی افہام و تفہیم کے رشتوں کو مزید مضبوط بنانے میں سابق سفیر رفعت مہدی کی گراں قدر خدمات اور نمایاں کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
برسلز میں پاکستانی سفارت خانہ کا یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے میں سابق سفیر رفعت مہدی کی گراں قدر خدمات پر خراجِ تحسین

مزید خبریں
اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):برسلز میں پاکستان کے سفارت خانہ نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے اور پاکستان و بیلجیم کے درمیان دوستی، تعاون اور باہمی افہام و تفہیم کے رشتوں کو مزید مضبوط بنانے میں سابق سفیر رفعت مہدی کی گراں قدر خدمات اور نمایاں کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
بدھ کو پاکستانی سفارت خانہ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ رفعت مہدی نے 1992سے 1995 تک بیلجیم اور یورپی یونین میں پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے خدمات سرانجام دیں۔ اپنے”فرام دی آرکائیوز“ اقدام کے تحت سفارت خانہ نے رفعت مہدی کو خراجِ تحسین پیش کیا جو ایک ممتاز سفارت کار تھے اور جن کی بیلجیم اور یورپی یونین میں تعیناتی نے یورپ کے ساتھ پاکستان کے سفارتی روابط پر ایک گہرا اور دیرپا نقش چھوڑا۔
سفارت خانہ کے مطابق یہ ایک اہم دور تھا جس میں یورپی اداروں کے ساتھ پاکستان کے تعلقات مزید مستحکم ہوئے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت حاصل ہوئی۔ برسلز میں اپنی تعیناتی کے دوران انہوں نے یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کے روابط کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کیا خصوصاً اس وقت جب 1993 میں معاہدہ ماستریخت نافذ العمل ہوا۔ انہوں نے تجارت، اقتصادی تعاون، سفارت کاری اور ثقافتی ہم آہنگی کے شعبوں میں بیلجیم کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے میں بھی نمایاں خدمات سرانجام دیں۔
بیان کے مطابق رفعت مہدی نے برسلز سے باہر بھی کئی اہم سفارتی ذمہ داریاں سرانجام دی جن میں کینیڈا اور زمبابوے میں ہائی کمشنر اور سپین میں سفیر کے عہدے شامل ہیں۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی پروگرام میں اپنی خدمات کے ذریعے بین الاقوامی سفارت کاری میں بھی اہم کردار ادا کیا اور بعد ازاں نیویارک میں میلانو اسکول آف انٹرنیشنل افیئرز میں بطور فیکلٹی رکن خدمات انجام دیں۔








