وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت قومی سطح پر "پرعزم پاکستان” پروگرام کا اجراء کر دیا گیا

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت قومی سطح پر "پرعزم پاکستان” پروگرام کا اجراء کردیا گیا۔

اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت قومی سطح پر "پرعزم پاکستان” پروگرام کا اجراء کردیا گیا۔بدھ کوچیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے پرعزم پاکستان” پروگرام کے اجراء تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام اور جنریشن اَن لمیٹڈ کے اشتراک سے نوجوانوں کی ترقی کا سفر جاری ہے،

نوجوانوں کو آرٹس، ثقافت، سائنس، ٹیکنالوجی، ہنر اور کھیلوں کے شعبوں میں مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کا آغاز 2013 میں نواز شریف کے دور میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے کیا گیا، پروگرام کے تحت ملک بھر میں لیپ ٹاپ، وظائف اور آسان قرضوں کی فراہمی کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نوجوانوں کے بجٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے،نوجوانوں کی ترقی کے لئے وزیراعظم نے تمام بجٹ تجاویز منظور کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال فنی تعلیم کے لئے 19 ارب روپے کی خطیر رقم منظور کی گئی، ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا تکنیکی تعلیم کا پروگرام شروع کیا جا رہا ہے، فنی تربیت کے ساتھ سافٹ سکلز اور اخلاقی تربیت بھی دی جا رہی ہے،بیرون ملک روزگار کے مواقع کے مطابق زبانوں کی تربیت کا آغاز کر دیا گیا، جاپانی، عربی، انگریزی، کوریائی، جرمن اور فرانسیسی زبانوں کے کورسز شروع کر دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کی ٹیمیں 17 ممالک میں نوجوانوں کے مواقع تلاش کر رہی ہیں، ڈیجیٹل یوتھ ہب نوجوانوں کے لئے مرکزی پلیٹ فارم بن چکا ہے، ڈیجیٹل یوتھ ہب کا افتتاح گزشتہ سال وزیراعظم شہباز شریف نے کیا تھا، ڈیجیٹل یوتھ ہب پر 8 لاکھ سے زائد نوجوان رجسٹر ہو چکے ہیں، روزانہ اوسطاً 4 ہزار 800 نوجوان ڈیجیٹل یوتھ ہب پر رجسٹریشن کر رہے ہیں، ڈیجیٹل یوتھ ہب پر 2 ہزار سے زائد کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں،پلیٹ فارم پر پاکستان اور بیرون ملک ہزاروں ملازمتوں کے مواقع دستیاب ہیں۔انہوں نے کہا کہ یونیسیف کے تعاون سے ڈیجیٹل یوتھ ہب نوجوانوں کی فلاح کے لئے فعال کردار ادا کر رہا ہے،پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کی طرز پر پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کا آغاز کر دیا گیا،پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ سے ملک بھر کے مستحق طلبہ کو فائدہ پہنچے گا، نوجوان پاکستان کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں، ان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔پاکستان میں یو این ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے کہا کہ پاکستان کے با صلاحیت نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں،حکومت ان نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔پاکستان میں یونیسف کی نمائندہ پیرنیلا ائرن سائیڈ نے کہا کہ پاکستان میں اڑھائی کروڑ بچے سکول سے باہر ہیں ،نوجوانوں کو عالمی سطح اور مارکیٹ کی ضروریات اور معیار کے مطابق ہنر مند بنانے کی ضرورت ہے ۔اس موقع پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کے جائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر محمد علی ملک نے نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کی جانب سے نوجوانوں کو باختیار بنانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا ۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ حکومت کے اقدامات سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہونے کے لئے جید ڈیجیٹل یوتھ پر رجسٹریشن کرائیں۔وزیراعظم یوتھ پروگرام یونیسف اور جنریشن ان لمیٹڈ کے تعاون سے یہ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔

مزید خبریں