نیشنل رحمت للعالمین و خاتم النبیینؐ اتھارٹی اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط
نیشنل رحمت للعالمین و خاتم النبیینؐ اتھارٹی اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

مزید خبریں
اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):نیشنل رحمت للعالمین و خاتم النبیینؐ اتھارٹی اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے درمیان باہمی تعاون، علمی و فکری سرگرمیوں کے فروغ اور صحافیوں کی تربیت کے لئے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیئے گئے۔مفاہمتی یادداشت پر نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی جانب سے صدر عبدالرزاق سیال اور نیشنل رحمت للعالمین و خاتم النبیینؐ اتھارٹی کی جانب سے چیئرمین خورشید احمد ندیم نے دستخط کئے۔اس موقع پر دونوں اداروں نے صحافیوں کی پیشہ وارانہ، فکری اور اخلاقی تربیت کے لئے مشترکہ پروگراموں کے انعقاد، ماہانہ اور سہ ماہی علمی لیکچرز، میڈیا کے ساتھ مختلف مشترکہ سرگرمیوں اور علمی و تحقیقی منصوبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
تقریب کے دوران نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ’’رحمت للعالمین بک کارنر‘‘ کا بھی افتتاح کیا گیا۔ اس بک کارنر میں سیرت النبی ﷺ، اسلامی تعلیمات، فکری و اخلاقی موضوعات اور قومی یکجہتی سے متعلق کتب دستیاب ہوں گی۔ افتتاح کے موقع پر ربن کٹنگ کی تقریب منعقد ہوئی جبکہ شرکاء میں سیرت النبی ﷺ سے متعلق کتابوں کے تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ نیشنل رحمت للعالمین و خاتم النبیینؐ اتھارٹی اور نیشنل پریس کلب کے درمیان یہ مفاہمتی یادداشت علمی، فکری اور اخلاقی اقدار کے فروغ کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس تعاون سے صحافی برادری کی علمی استعداد میں اضافہ ہوگا اور سیرتِ طیبہ ﷺ کے آفاقی پیغام کو معاشرے کے مختلف طبقات تک مؤثر انداز میں پہنچانے میں مدد ملے گی۔مقررین نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ دونوں ادارے مشترکہ کاوشوں کے ذریعے معاشرے میں مثبت فکر، مکالمے، رواداری، تحقیق اور ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔







