راولپنڈی ، سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ، کاروباری اوقات کار میں تبدیلی

وفاقی حکومت کی ہدایات پر ملک بھر میں رعایتی مدت کے خاتمے کے بعد سمارٹ لاک ڈاؤن دوبارہ نافذ کر دیا گیا ہے جبکہ کاروباری مراکز اور تجارتی سرگرمیوں کے اوقات کار میں بھی ترمیم کر دی گئی ہے۔

راولپنڈی۔ 03 جون (اے پی پی):وفاقی حکومت کی ہدایات پر ملک بھر میں رعایتی مدت کے خاتمے کے بعد سمارٹ لاک ڈاؤن دوبارہ نافذ کر دیا گیا ہے جبکہ کاروباری مراکز اور تجارتی سرگرمیوں کے اوقات کار میں بھی ترمیم کر دی گئی ہے۔

وفاقی کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گرمی کی شدت اور دن کے دورانیے میں اضافے کے پیش نظر نئی بندشوں کی منظوری دی گئی ہے، جن پر عملدرآمد کے لیے صوبائی حکومتوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔نئے اوقات کار کے تحت تمام بازار، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند ہوں گے جبکہ شادی ہالز، مارکیز اور دیگر تقریباتی مقامات رات 10 بجے تک کھلے رہ سکیں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ریسٹورنٹس، کیفے، ہوٹلوں اور دیگر فوڈ آؤٹ لیٹس کو رات 11 بجے تک کاروبار کی اجازت ہوگی تاہم ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری سروسز ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گی۔اس سے قبل سمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت بازاروں کو رات 8 بجے اور فوڈ آؤٹ لیٹس کو رات 10 بجے بند کرنے کی پابندی عائد تھی۔حکومت نے فارمیسیوں، ہسپتالوں، پیٹرول پمپس، بیکریوں، تندوروں، دودھ کی دکانوں اور دیگر ضروری خدمات کو اوقات کار کی پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا ہے۔ اسی طرح آئی ٹی کمپنیوں، کال سینٹرز اور کھیلوں کی سہولیات کو بھی استثنیٰ حاصل ہوگا۔

مزید خبریں