پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی کھیل ہاکی کی بحالی اور نچلی سطح پر ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے ایک اہم اور انقلابی منصوبے "اسکول ہاکی اپ لفٹ پلان” کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔
پی ایچ ایف نےقومی کھیل کی بحالی کے لیے ملک بھر میں "اسکول ہاکی اپ لفٹ پلان” کا آغاز کر دیا ہے،ترجمان

مزید خبریں
لاہور۔3جون (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی کھیل ہاکی کی بحالی اور نچلی سطح پر ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے ایک اہم اور انقلابی منصوبے "اسکول ہاکی اپ لفٹ پلان” کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔
یہ منصوبہ وزارتِ بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے اشتراک سے نافذ کیا جا رہا ہے۔پی ایچ ایف کے ترجمان کے مطابق منصوبے کے پہلے مرحلے میں ملک بھر کے ایک ہزار اسکولوں کو ہاکی کا جدید اور مکمل سامان فراہم کیا جائے گا تاکہ نوجوان نسل میں ہاکی کے فروغ اور کھیلوں کے کلچر کو مضبوط بنایا جا سکے۔ایک سالہ جامع پروگرام کے تحت حکومتِ پاکستان، پاکستان اسپورٹس بورڈ اور نجی شعبے کے اسپانسرز کے مالی و تکنیکی تعاون سے اسکولوں میں ہاکی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا۔ منصوبے کے دوران بین المدارس مقابلوں اور خصوصی کوچنگ کیمپس کا انعقاد کیا جائے گا، جن کے ذریعے ہزاروں باصلاحیت لڑکوں اور لڑکیوں کی نشاندہی کی جائے گی۔ترجمان کے مطابق منتخب کھلاڑیوں پر مشتمل ایک مضبوط انڈر-15 قومی پول تشکیل دیا جائے گا، جو مستقبل میں پاکستان ہاکی کے لیے نئی صلاحیتوں کی بنیاد ثابت ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے کے لیے فراہم کیے جانے والے تمام فنڈز شفاف انداز میں خرچ کیے جائیں گے تاکہ ملک کے زیادہ سے زیادہ اسکول اس پروگرام سے مستفید ہو سکیں۔ترجمان نے کہا کہ "اسکول ہاکی اپ لفٹ پلان” پاکستان میں ہاکی کی گمشدہ شان و شوکت کی بحالی، قومی کھیل کی مضبوط بنیادوں کے قیام اور مستقبل کے اسٹار کھلاڑیوں کی تیاری کی جانب ایک تاریخی اور اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔







