وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے معرکہ حق ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام الیون کو کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کرکٹ میچ کے ذریعے معرکہ حق کی فتح کا جشن منایا گیا۔
افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے معرکہ حق ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ کا انعقاد،کرکٹ میچ کے ذریعے معرکہ حق کی فتح کا جشن منایا گیا، ہمیں اسی طرح کے اتحاد کی ضرورت ہے، عطاء اللہ تارڑ

مزید خبریں
اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے معرکہ حق ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام الیون کو کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کرکٹ میچ کے ذریعے معرکہ حق کی فتح کا جشن منایا گیا۔یہ بات انہوں نے بدھ کو یہاں نیشنل کرکٹ سٹیڈیم ایف سیون میں منعقدہ Bunyan um Marsoos Tribute T20 کرکٹ میچ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کرکٹ میچ میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان، معروف کرکٹر شاہد آفریدی سمیت شوبز اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ میچ میں سپورٹس مین سپرٹ موجود تھی، آج اس کھیل نے ہمیں اکٹھا کیا ہے۔ میچ میں دونوں ٹیموں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے شہری باہر آئے اور میچ کو انجوائے کیا، بچوں نے بھی کرکٹ میچ میں بھرپور دلچسپی لی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس میچ کے ذریعے آج مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے اور معرکہ حق کی فتح کا جشن منایا گیا ہے، ہمیں اسی طرح کے اتحاد کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ کرکٹ میچ میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام الیون نے سیلیبریٹیز الیون کے خلاف چار وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ سلیبریٹیز الیون کی ٹیم 20 اوورز میں 185 رنز بنا سکی۔ بعد ازاں تقریب میں کامیاب اور رنر اپ ٹیموں میں ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔ مین آف دی میچ حسن لیاقت قرار پائے جنہوں نے 76 رنز سکور کئے اور دو کیچ پکڑے،انہیں 25 ہزار روپے کا انعام دیا گیا







