ہوفن ہائم کا وولفسبورگ کے آسٹرین مڈفیلڈر پیٹرک ومر کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا

جرمن فٹبال کلب ہوفن ہائم نے آئندہ سیزن میں یورپی مقابلوں کی تیاری کے سلسلے میں آسٹریا کے بین الاقوامی مڈفیلڈر پیٹرک ومر کو وولفسبرگ سے اپنے سکواڈ کا حصہ بنا لیا ہے۔

برلن۔4جون (اے پی پی):جرمن فٹبال کلب ہوفن ہائم نے آئندہ سیزن میں یورپی مقابلوں کی تیاری کے سلسلے میں آسٹریا کے بین الاقوامی مڈفیلڈر پیٹرک ومر کو وولفسبرگ سے اپنے سکواڈ کا حصہ بنا لیا ہے۔شنہوا کے مطابق آسٹریا کے انٹرنیشنل مڈفیلڈر پیٹرک ومر کو اپنی ٹیم میں شامل کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔25 سالہ پیٹرک ومر نے جرمن فٹبال کلب ہوفن ہائم کے ساتھ جون 2031 تک کا معاہدہ کیا ہے۔ جرمن فٹبال کلب ہوفن ہائم نے ان کے وولفسبرگ معاہدے میں شامل 10 ملین یورو کی ریلیز کلاز استعمال کرتے ہوئے یہ منتقلی مکمل کی۔پیٹرک ومر گزشتہ سیزن کے اختتام پر پٹھوں کی تکلیف کے باعث وولفسبرگ کے آخری لیگ میچ اور پیڈربورن کے خلاف دونوں تنزلی پلے آف مقابلوں میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔ اس کے باوجود وہ آسٹریا کی عالمی کپ سکواڈ کا حصہ ہیں۔

جرمن فٹبال کلب ہوفن ہائم کے سپورٹنگ ڈائریکٹر پال پائدوخ نے کہا کہ پیٹرک ومر ایک ہمہ جہت جارحانہ مڈفیلڈر ہیں جنہوں نے بنڈس لیگا میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا ہے۔ ان کے مطابق کھلاڑی کا جارحانہ انداز اور مقابلہ جیتنے کی مہارت ٹیم کی حکمت عملی سے مکمل مطابقت رکھتی ہے۔ومر نے کہا کہ ہوفن ہائم کی ترقی، کھیل کا انداز اور کوچ کرس ایلزر کی موجودگی نے ان کے فیصلے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریا ویانا میں بھی وہ ایلزر کی زیرِ تربیت پیشہ ورانہ فٹبال میں آئے تھے اور دوبارہ ان کے ساتھ کام کرنے پر خوش ہیں۔پیٹرک ومر اپنے کیریئر میں اب تک 125 بنڈس لیگا میچز کھیل چکے ہیں جن میں انہوں نے 16 گول سکور کیے جبکہ آسٹریا کی قومی ٹیم کے لئے 30 بین الاقوامی میچز میں 1 گول بھی کر چکے ہیں۔ وہ یورو 2024 سکواڈ کا حصہ رہے اور آئندہ عالمی کپ میں بھی آسٹریا کی نمائندگی کریں گے۔