ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا،
ڈی آئی جی اسلام آباد کی زیر صدارت محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات بارے اجلاس ، حساس مقامات پر پٹرولنگ کو مزید موثر بنانے کی ہدایت
اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف زونز کے پولیس افسران اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے شرکا کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے جامع سکیورٹی پلان کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کے لیے خصوصی ٹاسک سونپتے ہوئے ہدایت کی کہ حساس مقامات پر پٹرولنگ، سرچ اینڈ کومنگ آپریشنز کو مزید موثر بنایا جائے۔ڈی آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ تمام افسران امام بارگاہوں کے منتظمین، علمائے کرام اور امن کمیٹیوں کے ساتھ قریبی رابطے رکھیں تاکہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو ہر صورت برقرار رکھا جا سکے۔ انہوں نے جلوسوں کے روٹس کا جائزہ لینے اور راستوں میں موجود جھاڑیوں اور خود رو پودوں کی صفائی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
ڈی آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں پر موثر چیکنگ کا نظام نافذ کیا جائے گا جبکہ شہر بھر میں سرویلنس، مانیٹرنگ اور سکیورٹی نگرانی کے نظام کو مزید فعال اور موثر بنایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ مجالس اور جلوسوں میں شریک عزاداروں کی میٹل ڈیٹیکٹرز کے ذریعے مکمل چیکنگ کی جائے گی اور سکیورٹی کے تمام تقاضوں کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ محرم الحرام کے دوران ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس چوبیس گھنٹے متحرک رہے گی تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔ڈی آئی جی اسلام آباد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور پرامن ماحول کا قیام اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔









