بنوں پولیس اور سکیورٹی فورسز نے جمعرات کے روزتھانہ منڈان کی حدود میں مشترکہ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن کرتے ہوئے متعدد مشتبہ افراد گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا
بنوں پولیس اور سکیورٹی فورسز کا تھانہ منڈان کی حدود میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن، متعدد مشتبہ افراد گرفتار، اسلحہ برآمد
پشاور۔ 04 جون (اے پی پی):بنوں پولیس اور سکیورٹی فورسز نے جمعرات کے روزتھانہ منڈان کی حدود میں مشترکہ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن کرتے ہوئے متعدد مشتبہ افراد گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا ۔تر جمان بنوں پولیس کے مطابق بنوں پولیس اور سکیورٹی فورسز نے امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیوں کے سلسلے میں تھانہ منڈان کی حدود کنگر، فتح خیل،پردل خیل اور گریڑھ شاہ جہان میں مشترکہ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن کیا۔دورانِ آپریشن مختلف علاقوں میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے گھروں، حجرہ جات، مشتبہ مقامات کی جامع تلاشی لی گئی جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندیاں کرکے آنے جانے والے افراد اور گاڑیوں کی چیکنگ بھی کی گئی۔
کاروائی کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ گچھ شروع کر دی گئی جبکہ مختلف اقسام کا اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی نے کہا کہ دہشتگردوں، جرائم پیشہ عناصر اور امن دشمن قوتوں کے خلاف بلاامتیاز کاروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔بنوں پولیس اور سکیورٹی فورسز کی جانب سے ضلع بھر میں ایسے مشترکہ آپریشنز جاری رکھے جائیں گے ۔









