آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2009 سے اب تک خواتین کرکٹ کے کئی یادگار لمحات کا گواہ رہا ہے۔ 9ایڈیشنز پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں12 ممالک نے شرکت کی،
آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کئی یادگار لمحات کا گواہ

مزید خبریں
لاہور۔4جون (اے پی پی):آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2009 سے اب تک خواتین کرکٹ کے کئی یادگار لمحات کا گواہ رہا ہے۔ 9ایڈیشنز پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں12 ممالک نے شرکت کی، تاہم اب تک صرف 4 ٹیمیں ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ آسٹریلیا نے 6 مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا، جبکہ انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز ایک ایک بار فاتح رہیں۔ نیوزی لینڈ کی آل رائونڈر امیلیا کیر نے2024 کے ایڈیشن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے15 وکٹیں حاصل کیں، جو کسی ایک ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹوں کا نیا ریکارڈ ہے۔ انہوں نے فائنل میں جنوبی افریقہ کے خلاف43 رنز بنانے کے بعد 3 وکٹیں بھی حاصل کیں اور اپنی ٹیم کو پہلی بار عالمی چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
نیوزی لینڈ کی کپتان سوفی ڈیوائن معمر کپتان بن گئیں۔2024 کا فائنل ان کا بطور کپتان آخری میچ بھی تھا، کیونکہ وہ پہلے ہی قیادت چھوڑنے کا اعلان کر چکی تھیں۔انفرادی طور پر سب سے بڑی اننگز کا ریکارڈ آسٹریلیا کی میگ لیننگ کے نام ہے، جنہوں نے2014 میں آئرلینڈ کے خلاف صرف 65 گیندوں پر ناقابل شکست126 رنز بنائے تھے۔ اس دھواں دار اننگز میں18 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔آسٹریلیا کی ایلیس پیری سب سے زیادہ47 میچز کھیلنے والی کھلاڑی ہیں اور وہ اب بھی اپنے ریکارڈ میں اضافہ کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔ ان کے بعد نیوزی لینڈ کی سوزی بیٹس42 میچز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔سب سے زیادہ وکٹوں کا اعزاز آسٹریلیا کی میگن شٹ کے پاس ہے، جنہوں نے صرف29 میچز میں48 شکار کیے۔ دوسری جانب سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ نیوزی لینڈ کی سوزی بیٹس کے نام ہے، جنہوں نے42 میچز میں1216 رنز اسکور کیے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کی جارح مزاج بلے باز ڈیانڈرا ڈوٹن نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 31 چھکے لگائے ہیں۔ انہوں نے2010 میں جنوبی افریقہ کے خلاف ناقابل شکست112 رنز کی اننگز کے دوران 9چھکے بھی جڑے تھے، ٹیمی ریکارڈز میں انگلینڈ کا نام نمایاں ہے، جس نے2023 میں پاکستان کے خلاف213 رنز بنا کر ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔ جواب میں پاکستان کی ٹیم صرف 99 رنز بنا سکی اور انگلینڈ نے114 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ جنوبی افریقہ کی کپتان لورا وولوارڈٹ کم از کم 10 اننگز کھیلنے والی بیٹرز میں سب سے بہترین اوسط کی مالک ہیں۔ انہوں نے17 اننگز میں43.30 کی اوسط سے 563 رنز بنائے ہیں۔








