روم ڈائمنڈ لیگ،برطانوی ایتھلیٹس مولی کاڈری اور جارجیا ہنٹر بیل کی شاندار فتوحات، نوح لائلز نے 100 میٹر ریس جیت لی

روم میں منعقدہ ڈائمنڈ لیگ کے معرکے میں ورلڈ انڈور چیمپئنز مولی کاڈری اور جارجیا ہنٹر بیل نے بالترتیب پول والٹ اور 1500 میٹر ریس میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے میدان مار لیا ہے۔

روم۔5جون (اے پی پی):روم میں منعقدہ ڈائمنڈ لیگ کے معرکے میں ورلڈ انڈور چیمپئنز مولی کاڈری اور جارجیا ہنٹر بیل نے بالترتیب پول والٹ اور 1500 میٹر ریس میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے میدان مار لیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق سٹیڈیو اولمپیکو میں برطانوی پول والٹ سٹار مولی کاڈری نے 4.80 میٹر کی اونچائی عبور کر کے ٹائٹل اپنے نام کیا، جبکہ جارجیا ہنٹر بیل نے 1500 میٹر کا فاصلہ 3 منٹ 58.63 سیکنڈز میں طے کر کے کامیابی سمیٹی۔ دوسری جانب خواتین کی 400 میٹر ریس میں اولمپک چیمپئن کیلی ہوجکنسن 51.14 سیکنڈز کے ساتھ 7ویں نمبر پر رہیں، یہ ریس ناروے کی ہینریٹ جیگر نے 49.60 سیکنڈز میں جیتی۔ خواتین کی 200 میٹر ریس میں اولمپک چیمپئن جولین الفریڈ نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ادھر مردوں کے مقابلوں میں سب کی نظریں 100 میٹر کے مقابلے پر تھیں جہاں اولمپک چیمپئن نوح لائلز نے توقعات کے مطابق شاندار کارکردگی دکھائی۔ امریکی ایتھلیٹ نوح لائلز نے مقررہ فاصلہ محض 9.88 سیکنڈز میں طے کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ کیمرون کے ایمانوئل ایسیمی دوسرے اور بوٹسوانا کے لیٹسیل ٹیبوگو تیسرے نمبر پر رہے۔ ڈائمنڈ لیگ کا اگلا پڑاؤ اتوار کو سٹاک ہوم میں ہوگا جہاں دنیا کے نامور ایتھلیٹس ایک بار پھر ایک دوسرے کے سامنے ہوں گے۔