ڈویژنل انجینئر ریلوے راولپنڈی ۔I طیب ریاض نے کہا ہے کہ راولپنڈی ریلوے سٹیشن پر گارڈ روم کی تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کا منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے جس کا افتتاح رواں ماہ جون کے دوران کیا جائے گا۔
راولپنڈی ریلوے سٹیشن پر گارڈ روم کا افتتاح رواں ماہ کیا جائے گا، ڈویژنل انجینئر

مزید خبریں
راولپنڈی۔5جون (اے پی پی):ڈویژنل انجینئر ریلوے راولپنڈی ۔I طیب ریاض نے کہا ہے کہ راولپنڈی ریلوے سٹیشن پر گارڈ روم کی تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کا منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے جس کا افتتاح رواں ماہ جون کے دوران کیا جائے گا۔اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ منصوبے کا مقصد ٹرین ڈرائیوروں اور متعلقہ عملے کو جدید اور آرام دہ سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ طویل سفر کے بعد بہتر انداز میں آرام کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے انتظامیہ آپریشنل عملے کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے۔طیب ریاض نے کہا کہ گارڈ روم کی اپ گریڈیشن کے بعد ٹرین ڈرائیوروں کو لمبے اور مسلسل سفر کے بعد تھکن دور کرنے کے لیے پُرسکون اور سازگار ماحول میسر آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ آرام دہ ماحول اور جدید سہولیات کی فراہمی سے ڈرائیور اپنے اگلے سفر کے لیے خود کو زیادہ تروتازہ اور ذہنی طور پر تیار محسوس کریں گے جس کے مثبت اثرات آپریشنل کارکردگی پر بھی مرتب ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ اپ گریڈ شدہ گارڈ روم میں ڈرائیوروں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ بہتر فرنیچر، آرام گاہ، روشنی اور دیگر بنیادی سہولیات کی دستیابی سے عملے کو معیاری ماحول میسر آئے گا جس سے ان کے آرام اور سہولت میں نمایاں بہتری آئے گی۔ڈویژنل انجینئر نے کہا کہ گارڈ روم کی تزئین و آرائش کے دوران صفائی، حفظانِ صحت اور آرام کے جدید تقاضوں کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بہتر ورکنگ ماحول کی فراہمی سے ڈرائیوروں اور دیگر متعلقہ عملے کے حوصلے بلند ہوں گے اور وہ اپنی ذمہ داریاں مزید یکسوئی، اعتماد اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دے سکیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ریلویز اپنے مختلف ریلوے سٹیشنوں اور آپریشنل تنصیبات کی بہتری کے لیے مرحلہ وار اقدامات کر رہی ہے۔ راولپنڈی ریلوے سٹیشن پر گارڈ روم کی اپ گریڈیشن بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کاوش ہے جس کا مقصد ریلوے ملازمین کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا اور سفری آپریشنز کے معیار کو مزید بہتر بنانا ہے۔طیب ریاض نے کہا کہ ٹرین ڈرائیور ریلوے آپریشن کا بنیادی ستون ہیں اور ان کی جسمانی و ذہنی تازگی محفوظ اور بروقت ٹرین آپریشن کے لیے نہایت اہم ہے۔
اسی تناظر میں گارڈ روم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جا رہا ہے تاکہ عملہ آرام کے بہتر مواقع سے استفادہ کر سکے اور اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں مزید مؤثر انداز میں سرانجام دے سکے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد نہ صرف ریلوے عملے کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی بلکہ مجموعی طور پر آپریشنل استعداد اور خدمات کے معیار میں بھی بہتری آئے گی جس سے مسافروں کو بالواسطہ طور پر فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلویز مسافروں اور اپنے ملازمین دونوں کے لیے سہولیات میں بہتری کے سفر کو جاری رکھے ہوئے ہے۔








