شجر کاری کو اختیار کر کے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جا سکتا ہے، اسسٹنٹ کمشنررحیم یارخان

عالمی یومِ تحفظ ماحولیات کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ماحولیاتی تحفظ اور عوامی آگہی کے فروغ کے لیے ایک خصوصی آگہی واک کا انعقاد کیا گیا

رحیم یارخان ۔ 05 جون (اے پی پی):عالمی یومِ تحفظ ماحولیات کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ماحولیاتی تحفظ اور عوامی آگہی کے فروغ کے لیے ایک خصوصی آگہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر عبدالحنان خان نے کی جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ تحفظ ماحولیات عامر رحمانی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر خالد مانک، ممبران ضلعی امن کمیٹی ریاض احمد نوری، قاری ظفر اقبال، بابر زمان،ڈاکٹر الیاس احمد، ریسکیو 1122، پیرا فورس، مختلف محکموں کے افسران، سول سوسائٹی کے نمائندگان، طلبہ اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔واک کے شرکاء نے ماحولیاتی تحفظ، شجرکاری، صفائی ستھرائی اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے حوالے سے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ماحول دوست پیغامات درج تھے۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ماحول کو صاف، سرسبز اور آلودگی سے پاک بنانے کے لیے اجتماعی کاوشوں کو فروغ دیا جائے گا۔اسسٹنٹ کمشنر عبدالحنان خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی یومِ تحفظ ماحولیات منانے کا مقصد عوام میں ماحول دوست طرزِ زندگی کو فروغ دینا اور ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے شعور بیدار کرنا ہے