این ڈی ایم اے کا آئندہ 12سے24گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیرکے مختلف علاقوں میں متوقع موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری
این ڈی ایم اے کا آئندہ 12سے24گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیرکے مختلف علاقوں میں متوقع موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری

مزید خبریں
اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے آئندہ 12سے24گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیرکے مختلف علاقوں میں متوقع موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔ نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے مطابق اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع بشمول راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، منڈی بہاوالدین، گجرات، جہلم، گوجر خان اورسیالکوٹ کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں چترال، دیر،سوات، صوابی، کالام، منگورہ،مالاکنڈ، بٹگرام، مردان، نوشہرہ، پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور،چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اسی طرح گلگت بلتستان اور کشمیر کے علاقوں اسکردو، ہنزہ، نگر، غزر، دیامیر، گھانچے، استور،شگر، کھرمنگ، نیلم ویلی، مظفرآباد، باغ، کوٹلی، پونچھ اور بھمبر میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ آئندہ 12سے24گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی متوقع ہے۔ جاری الرٹ کے مطابق ژالہ باری اور تیز ہواؤں کے باعث کمزور تعمیرات اور تنصیبات کو نقصان کا خدشہ ہے، شمالی علاقہ جات میں گلیشائی جھیلوں کے پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اورندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔
ہنزہ، نگر، گلگت، چلاس، استور، شگر، چترال، کالام، اپر کوہستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ ہے۔ شمشال ویلی، عطاآباد جھیل، کریم آباد، گل میت، ششکت بالا اور پاسو کے درمیان رابطہ سڑکیں حساس قرار دی گئی ہیں، شگر ویلی روڈ، اسکردو روڈ، دیوسائی روڈ اور قراقرم ہائی وے پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث راستے بند ہونے کا خدشہ ہے، ممکنہ طور پر متاثر ہ شاہراہوں میں قراقرم ہائی وے، ناران روڈ اور جگلوٹ،سکردو روڈشامل ہیں۔
مزید برآں کالام، کندول، ارنگ کیل، داسو، پٹن اور چترال ویلی کے پہاڑی مقامات پر سفر ی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو حساس شاہراہوں اور پہاڑی علاقوں میں الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاح اور مسافر شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں، عوام این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ‘پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ”سے بروقت معلومات حاصل کریں۔این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔








